
پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تعلقات میں ایک نیا سنگ میل قائم ہونے جا رہا ہے، پولینڈ کے نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ رادوسلاف سکورسکی پاکستان پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پولینڈ کے نائب وزیر اعظم دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئے ہیں، یہ وزیر خارجہ سکورسکی کا پاکستان کا دوسرا سرکاری دورہ ہوگا، ان کا پہلا دورہ پاکستان 2011 میں ہوا تھا۔
نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اپنے پولش ہم منصب سے ملاقات کریں گے، اسحاق ڈار اور رادوسلاف سکورسکی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوگا، مذاکرات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ مشترکہ پریس اسٹیٹمنٹ دیں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پُر عزم ہے۔