سندھ حکومت نے چھٹیوں کے بعد تمام اسکولوں میں طلباء کے ڈرگ ٹیسٹ کروانے کا بڑا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے اعلان کیا ہے کہ اسکول کھلنے کے بعد اسکولز میں بچوں کے ڈرگ ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔ ڈرگ ٹیسٹ کا جب ہم نے کہا تو اپوزیشن نے تنقید کی۔ ہم اسکولز میں ڈرگ ٹیسٹ کرانے کے بعد رپورٹ صرف والدین سے شیئر کریں گے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ منشیات کے حوالے سے معاشرہ خطرناک صورتحال سے دوچار ہے۔ مارچ سے اب تک 141 کارروائیاں کی گئی ہیں۔ جن میں 158 لوگ گرفتار ہوئے اور 14 گاڑیاں پکڑی گئیں۔ ملک میں دھڑلے کے ساتھ منشیات کا کاروبار چل رہا ہے۔ ہر حکومت کو اس کے خلاف ارادہ کرنا ہوگا۔کارروائیوں میں ہیروئن، کرسٹل، آئس، کوکین سمیت بڑی نشہ آور اشیاء بر آمد ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ آصف علی زرداری نے صدارت سنبھالتے ہی وزیر اعلی ہاوس میٹنگ میں کہا منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا ہے۔ منشیات کے خلاف جنگ ہم سب کو مل کر لڑنی پڑے گی۔ منشیات فروش قربان شاہ کے اکاؤنٹ میں منشیات کے پیسے بھیجے جاتے تھے۔ ملزم کے موبائل فون سے ٹھوس شواہد حاصل ہوئے ہیں۔ وہ شخص اسلام آباد میں موجود ہے، اس کی گرفتاری کے لئے وزارت داخلہ سے رابطہ کریں گے۔
ایک بینک کو 23 مئی کو خط لکھا گیا لیکن اس نے اب تک جواب نہیں دیاشرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک ملزم باسط خواجہ کو گرفتار کیا۔ جو کراچی کے پوش علاقے میں منشیات فراہم کرتا تھا۔ وہ بھی اسلام آباد سے منشیات لاتا تھا۔ اس ملزم کی ضمانت ہوگئی اور محکمہ ایکسائز کو نوٹس تک نہیں دیے گئے۔
سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ پولیس نے چھ ماہ میں 5631 ریڈز کیے۔ جن میں 7 ہزار سے زائد لوگوں کو پولیس نے گرفتار کیا۔ اس کے علاوہ 574 ڈرگ ڈیلرز کیخلاف ایکشن لیا گیا اور 6 سے 7 ڈرگ ڈیلرز انکاؤنٹر میں مارے جاچکے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حب ریور روڈ پر ہم نے چیک پوسٹ قائم کردی ہے اور سپر ہائی وے پر 10 دن میں چوکی قائم ہو جائے گی۔