پب جی گیم کھیلنے والے دوستوں نے اپنے ہی دوست کی جان لے لی

Friends playing pubg game killed their own friend
صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل بورے والا کے تھانہ گگومنڈی کے علاقے میں ہونے والے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا جہاں پب جی گیم کھیلنے والے دوستوں نے ہی اپنے دوست کی جان لے لی۔

 تفصیلات کے مطابق 18سالہ مقتول کی شناخت ثاقب حسین کے نام سے ہوئی جو کہ نویں جماعت کا طالب علم تھا، قاتل اور مقتول آپس میں دوست اور پب جی گیم کھیلنے کی وجہ سے نفسیاتی طور پر متاثر تھے۔پولیس نے 2 ملزمان کا سراغ لگا کر ان کو گرفتار کرلیا، دوسری جانب پولیس حکام قتل کو پب جی گیم کا شاخسانہ قرار دے رہے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ مقتول ثاقب حسین کی چک نمبر 221 ای بی میں نہر کے کنارے سے لاش ملی، اس کی موت سر میں گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی تھی، واقعے کی اطلاع ملنے پر اعلیٰ پولیس افسران، سی آئی اے اور اے ٹی سی کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چند گھنٹوں کی محنت کے بعد مبینہ ملزمان لقمان اور عبدالرحمان کو کامیاب کارروائی کے بعد گرفتار کرکے شامل تفتیش کرلیا۔

معلوم ہوا ہے کہ مقتول ثاقب حسین کے والد انتظار حسین نے پولیس کو درج کروائے گئے مقدمے میں بیان دیتے ہوئے بتایا کہ 10 روز قبل ملزمان کا اس کے بیٹے کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا جس پر مقتول اور ملزمان کے مابین راضی نامہ بھی کروا دیا تھا لیکن اس سب کے باوجود ملزمان لقمان اور عبدالرحمان نے دل میں رنجش رکھی اور مبینہ طور پر میرے بیٹے کو قتل کر دیا۔ 
بتاتے چلیں کہ حال ہی میں مظفر گڑھ کی تھرمل کالونی میں رہائشی کوارٹر سے تین بہنوں کی لاش ملنے کے واقعہ میں اہم پیشرفت ہوئی تھی، 3 سگی بہنوں کا قاتل ان کا بڑا ہی بھائی ہی نکلا اور ملزم کے پب جی گیم کی لت کا شکار ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا، دورانِ تفتیش ملزم نے بہنوں کے قتل کا اعتراف بھی کیا۔




اشتہار


اشتہار