سعودی حکومت نے غار حرا تک پورا راستہ ہموار کردیا ، زائرین نجی گاڑیوں میں جا سکیں گے

The Saudi government has paved the entire road to Ghar Hira, visitors will be able to go in private vehicles

 سعودی حکومت نے غار حرا کی زیارت کو آسان بنانے کے لئے پہاڑ کے نچلے حصے سے لے کر غار حرا تک پورا راستہ ہموار کردیا ہے جس کے بعد آئندہ ایام میں زائرین جبل حرا کے دامن میں واقع حرا کلچرل سینٹر سے نجی گاڑیوں کے ذریعے تقریبا 3 کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے غار حرا تک جاسکیں گے۔

سعودی حکومت نے غار حرا تک پورا راستہ ہموار کردیا ، زائرین نجی گاڑیوں میں جا سکیں گے
 ماضی میں زائرین اپنے طریقے سے دشوار گزار راستوں سے گزر کر غار حرا کی زیارت کرتے تھے جس سے حادثات ہوتے رہتے تھے۔اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے 6 اداروں نے مکہ مکرمہ میں غار حرا (جبل حرا) کی زیارت کو آسان بنانے کے لئے مل کر کام کیا ہے۔

ان اداروں میں مکہ رائل کمیشن، وزارت ثقافت کے ماتحت آثار قدیمہ کا ادارہ، سعودی وژن کے ماتحت ضیوف الرحمن پروگرام، محکمہ سیاحت، مکہ میونسپلٹی اور محکمہ شہری دفاع شامل ہیں۔جبل حرا کے پاس ایک سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں زائرین کو غار حرا کی زیارت کے حوالے سے معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

سعودی حکومت نے یہ پروگرام زائرین کو ثقافتی اور دینی اعتبار سے عمرہ و حج کے پروگرام کو یادگار بنانے کی غرض سے تیار کیا ہے۔ اب زائرین سینٹر کے ذریعے غار حرا کی مکمل سیر کرسکیں گے۔ انہیں غار حرا (جبل حرا) سے متعلق معتبر معلومات مہیا کی جائیں گی۔ 

علاوہ ازیں غار حرا کا سفر شروع کرنے سے قبل ضروری احتیاطی تدابیر بھی بتائی جائیں گی۔غار حرا کے مرکز میں ایک تجارتی مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جہاں سے زائرین سینڈوچ، خوشبویات اور یادگاری تحائف خرید سکیں گے۔

تجارتی مرکز میں مکہ مکرمہ، خانہ کعبہ کے ماڈلز، چھتریاں، جاء نمازیں، پانی کی بوتلیں اور دیگر ضروری سامان فروخت کیا جارہا ہے۔توقع ہے کہ ان اقدامات کے نتیجہ میں آئندہ ایام میں غار حرا کی زیارت کے لیے آنے والوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہوگا۔





اشتہار


اشتہار