عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کی بڑی تعداد میں کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کے حامیوں نے صدر مملکت عارف علوی سے عمران خان کی سزاؤں کو معاف کرنے کا مطالبہ شروع کردیا ہے،عمران خان اور ان کی اہلیہ کی قانونی ٹیم تینوں سزاؤں کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پہلے ہی چیلنج کر چکی ہے، تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے دعویٰ کیا ہے۔
کہ عمران خان نے صدر پاکستان عارف علوی کو پیغام بھجوایا ہے کہ مجھے کسی بھی صورت میں صدارتی اختیار کے تحت خود کو ملنے والی سزاؤں کی معافی نہیں چاہئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کے انفارمیشن سیکرٹری رؤف حسن نے کہا کہ صدر مملکت کے پاس آئینی اختیار ہے کہ وہ کسی بھی عدالت کی طرف سے سنائی جانے والی سزا معاف کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف حلقوں، بشمول سوشل میڈیا سے ایسے مطالبات سامنے آ رہے ہیں کہ صدر علوی کو عمران خان کی سزائیں معاف کر دینا چاہئیں،رؤف حسن کا کہنا تھا کہ ایسے مطالبات کو دیکھتے ہوئے عمران خان نے صدرمملکت کو پیغام بھیجا ہے کہ وہ سزائیں معاف نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین ایسی کوئی معافی قبول نہیں کریں گے۔
صدر کے پاس کسی بھی سزا یافتہ مجرم کو معاف کرنے کا اختیار ہے، آئین کا آرٹیکل 45؍ اسی موضوع کے بارے میں ہے، آرٹیکل میں لکھا ہے کہ صدر مملکت کو کسی عدالت، ٹریبونل یا دیگر ہئیت مجاز کی دی ہوئی سزا کو معاف کرنے، ملتوی کرنے اور کچھ عرصہ کیلئے روکنے، اور اس میں تخفیف کرنے، اسے معطل یا تبدیل کرنے کا اختیار ہوگا۔
کئی ماہرین آئین اور ماہرین قانون کی رائے ہے کہ صدر مملکت صرف وزیراعظم کی سفارش پر ہی کسی کی سزا معاف یا معطل کر سکتے ہیں لیکن دیگر کی رائے ہے کہ صدر مملکت یہ اقدام اپنی مرضی سے کرسکتے ہیں اور اس کیلئے انہیں چیف ایگزیکٹو کی سفارش کی ضرورت نہیں۔
گزشتہ سال اگست میں اسلام آباد کی ضلعی عدالت کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو سزا سنائے جانے کے بعد سینئر وکیل سردار لطیف کھوسہ نے کہا تھا کہ صدر مملکت اپنی صوابدید پر یا وزیر اعظم کے مشورے پر آرٹیکل 45 کے تحت کسی بھی سزا کو ختم یا معاف کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معافی دینے کے صدر مملکت کے اختیار پر کوئی پابندی نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں ریاستوں کے سربراہ کو کسی بھی مجرم کی سزا کو معاف کرنے، ملتوی کرنے اور کچھ عرصہ کیلئے روکنے کا اختیار حاصل ہے۔ اگرچہ گزشتہ سال عمران خان کی سزا کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کردیا تھا۔
لیکن 8 فروری کے عام انتخابات سے قبل، عمران خان کو یکے بعد دیگرے تین مقدمات میں سزا سنائی گئی۔ سائفر کیس میں انہیں شاہ محمود قریشی کے ساتھ مجرم قرار دیا گیا اور10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ توشہ خانہ کیس میں14 سال جبکہ غیر قانونی نکاح کیس میں7 سال قید کی سزا سنائی گئی، یہ تینوں سزائیں عام انتخابات سے کچھ وقت قبل ایک ہفتے میں سنائی گئیں۔