آئی سی سی نے کرکٹ کو اولپمکس میں شامل کرنے کیلئے کوششیں تیز کردیں


آئی سی سی نے کرکٹ کو اولپمکس میں شامل کرنے کیلئے کوششیں تیز کردیں



دبئی  انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کو اولمپکس مقابلوں میں شامل کرنے کے لئے کوششیں تیز کردیں۔ آئی سی سی کے مطابق آئی او سی کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرکے انڈین مارکیٹ سے بڑی کمائی کرسکتی ہے۔ اس حوالے سے آئی سی سی کا مؤقف ہے کہ آئی او سی بھارت سے میڈیا رائٹس کی مد میں 130 سے 260 ملین ڈالر کما سکتا ہے۔


پیرس 2024ء اولمپکس کے لیے آئی اوسی کی انڈین مارکیٹ کے لیے میڈیا رائٹس 31 ملین ڈالر تک محدود رہے۔ آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کے مطابق دنیا بھر میں کرکٹ کے 1 ارب سے زیادہ مداح ہیں، 90 فیصد شائقین چاہتے ہیں کہ کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کیا جائے۔ دوسری جانب لاس اینجلس کے سابق میئر اور بھارت میں امریکی سفیر ایرک گارسیٹی نے کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔


امریکی سفیر ایرک گارسیٹی نے کہا ہے کہ امریکا کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کا خواہشمند ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کے لیے آئی سی سی جے شاہ کی سربراہی میں کمیٹی بنا چکا ہے۔ آئی سی سی کی تجویز ہے کہ اولمپکس میں مرد و خواتین کی 6،6 کرکٹ ٹیمیں ٹی ٹونٹی فارمیٹ پر کھیلیں۔ رپورٹس کے مطابق کرکٹ کو شامل کرنے کا حتمی فیصلہ ممبئی میں آئی او سی کی اکتوبر میں ہونے والی میٹنگ میں کیا جائے گا۔








اشتہار


اشتہار