لاہور میں جائیداد کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہےجہاں یکم جولائی سے فائلوں کی بنیاد پر پراپرٹی کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نئے نظام کے تحت نجی اور سرکاری ہاؤسنگ منصوبوں میں صرف ان پلاٹوں کی لین دین ممکن ہوگی جن کے لیے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (PLRA) کی جانب سے باقاعدہ پراپرٹی سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہو۔
LOADING...
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ تمام نجی ہاؤسنگ اسکیموں کو 30 جون تک اپنا مکمل ریکارڈ PLRA کے ہاؤسنگ سوسائٹیز مینجمنٹ سسٹم (HSMS) کے ساتھ منسلک کرنا ہوگاحکام کے مطابق اس ڈیجیٹل نظام کے بغیر پراپرٹی ٹرانزیکشنز کی اجازت نہیں دی جائے گی ڈی جی ایل ڈی اے نے واضح کیا کہ یکم جولائی کے بعد شہری صرف تصدیق شدہ پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے ذریعے پلاٹوں کی خرید و فروخت کر سکیں گے۔ عوام کو نئے نظام سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی آگہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جو ہاؤسنگ اسکیمیں نئے سافٹ ویئر سسٹم کو اپنائیں گی انہیں سہولیات اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے گی۔
جبکہ قواعد پر عمل نہ کرنے والی سوسائٹیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔طاہر فاروق کے مطابق نجی ہاؤسنگ منصوبوں کو یونیفائیڈ ڈیجیٹل نظام کے تحت بعض اختیارات بھی دیے جا رہے ہیں، جس سے وہ رجسٹریشن اور گرین سرٹیفکیٹس کا اجرا خود کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے ایل ڈی اے اور پی ایل آر اے مشترکہ طور پر نجی شعبے کو تربیت بھی فراہم کریں گے۔نئے نظام کے تحت ہر پراپرٹی سرٹیفکیٹ پر ایک منفرد QR کوڈ درج ہوگا، جسے اسکین کرکے جائیداد کی مکمل معلومات فوری طور پر حاصل کی جا سکیں گی، جس سے جعلسازی اور فراڈ کے امکانات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔