پاکستان کا پہلا مقامی پے پاک کریڈٹ کارڈ رواں سال متعارف کرانے کا اعلان

Pakistan's first local PayPak credit card announced to be introduced this year
پاکستان کے مالیاتی اور ڈیجیٹل ادائیگی نظام میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر ملک کا پہلا مقامی پے پاک کریڈٹ کارڈ رواں سال متعارف کرانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔یہ کریڈٹ کارڈ پاکستان کے پہلے اور واحد مقامی ادائیگی نظام پے پاک کے تحت جاری کیا جائے گا۔کراچی میں منعقدہ 19ویں موبائل کامرس کانفرنس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے ون لنک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نجیب آگرہ والا نے اعلان کیا کہ کمپنی اپنے ممبر بینکوں اور اسٹیٹ بینک کے اشتراک سے سال کے اختتام تک پے پاک کریڈٹ کارڈ متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے۔

LOADING...

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان کے بینکاری شعبے میں نئی جہت پیدا ہوگی اور زیادہ افراد کو رسمی مالیاتی نظام میں شامل ہونے، کریڈٹ سہولیات تک رسائی حاصل کرنے اور مقامی ادائیگی کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔نجیب آگرہ والا کے مطابق پے پاک کریڈٹ کارڈ پورے پاکستان میں قابلِ استعمال ہوگا اور صارفین کو بین الاقوامی ادائیگی کارڈز کے مقابلے میں ایک مقامی متبادل فراہم کرے گا، جس کا مکمل انتظام اور آپریشن ملک کے اندر انجام دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی ایک نمایاں خصوصیت Pay-as-you-earn ماڈل ہے، جس کے تحت بینکوں کو ابتدائی مرحلے میں بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ صارفین کے استعمال اور ضرورت کے مطابق اخراجات کر سکیں گے۔ اس کے ساتھ بینکوں کو کارڈ کی مکمل لائف سائیکل مینجمنٹ سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس سے مہنگے انفراسٹرکچر کی ضرورت کم ہو جائے گی۔

سی ای او ون لنک کے مطابق اس ماڈل سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے بینک بھی آسانی سے کریڈٹ کارڈ جاری کر سکیں گے، جس کے نتیجے میں مالیاتی خدمات کی رسائی مزید وسیع ہوگی اور زیادہ شہری باضابطہ مالیاتی نظام کا حصہ بن سکیں گے۔ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2016 میں دنیا کے 28ویں ملک کے طور پر اپنا مقامی ادائیگی نظام پے پاک متعارف کرایا تھا، جس کے بعد کئی دیگر ممالک نے بھی اسی طرز کے مقامی ادائیگی نظام شروع کیے۔انہوں نے بتایا کہ پے پاک کے ذریعے صارفین کو محفوظ، قابلِ اعتماد اور کم لاگت ادائیگی کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ اس وقت پے پاک ڈیبٹ کارڈ کا استعمال حکومتی ادائیگیوں، ریٹیل خریداری، آن لائن شاپنگ اور دیگر شعبوں میں مسلسل بڑھ رہا ہے۔ان کے مطابق کریڈٹ کارڈ کے اجرا سے پے پاک کی مارکیٹ میں موجودگی مزید مضبوط ہوگی اور پاکستان کے کیش لیس معیشت کی جانب سفر کو تقویت ملے گی۔

ون لنک کے مطابق پے پاک اب صرف ادائیگی کا ایک ذریعہ نہیں رہا بلکہ مختلف صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد اقسام کے کارڈز، خصوصی سہولیات، آن لائن رعایتوں اور بیرونِ ملک استعمال کی سہولت کے ساتھ ایک مکمل مقامی ادائیگی نظام کی شکل اختیار کر چکا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پے پاک پاکستانی کارڈ مارکیٹ میں 28 فیصد حصہ رکھتا ہے جبکہ اس کے 1 کروڑ 61 لاکھ سے زائد کارڈز استعمال میں ہیں، جو گزشتہ ایک دہائی کے دوران صارفین کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور مسلسل ترقی کی عکاسی کرتے ہیں۔ماہرین کے مطابق پے پاک کریڈٹ کارڈ کے اجرا سے مالیاتی شعبے میں مسابقت بڑھے گی، لین دین کے اخراجات کم ہوں گے اور حکومت کے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے فروغ اور نقد ادائیگیوں پر انحصار کم کرنے کے اہداف کو بھی تقویت ملے گی۔



اشتہار


اشتہار