گھروں کے اندر یا باہر نل یا ہینڈ پمپ پانی حاصل کرنے کا ایک ذریعہ ہیں، مگر ایک گاؤں میں ان سے پانی کے بجائے مچھلیاں نکل رہی ہیں، یہ منظر مقامی افراد کیلئے کسی عجوبہ سے کم نہ تھا،بھارت میں شدید بارش کے بعد ہینڈ پمپوں اور ٹیوب ویلوں سے مچھلیوں کے نکلنے کا حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہ منفرد واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے گاؤں میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد پیش آیا، جمسڈا گاؤں میں لگ بھگ 25 سے زائد گھر ہیں، جب انہوں نے پانی کیلئے نل، ہینڈ پمپوں اور ٹیوب ویلوں کو کھولا تو سب ہی یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ان سے پانی کی دھاروں کے بجائے مچھلیاں نکل رہی تھیں۔
LOADING...
اردگرد کے دیہات میں جب یہ خبر پھیلی تو وہ بھی یہ دیکھنے آ گئے، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے زیر زمین پانی کی سطح متاثر ہونے کے بعد پانی انتہائی آلودہ، پیلی رنگت اور بدبودار ہوگیا ہے، جس کو ہم پی نہیں سکتے، لیکن حیران کن طور پر اس میں سے چھوٹی چھوٹی مچھلیاں نکل رہی ہیں۔نندو کشواہا کے ٹیوب ویل سے سوا کلو اور آدھا کلو تک کی مچھلیاں نکلیں، جس کو پکا کر انہوں نے دسترخوان کی زینت بنایا، تاہم کھانا پکانے اور پینے کیلئے آر او پلانٹ سے پانی منگوایا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہینڈ پمپس اور ٹیوب ویلوں سے سنگھی، ٹیگنا، گرئی، گویجا سمیت کئی اقسام کی مچھلیاں آ رہی ہیں۔ اب اطراف کے گاؤں والے بھی رات کو وہاں آ کر ٹیوب ویل سے مچھلیاں پکڑتے دکھائی دیتے ہیں اور اس گاؤں کا نام ’’زندہ فش پارک‘‘ پڑ گیا ہے۔ صاف پانی سے محروم گاؤں والوں کا طنزیہ کہنا ہے کہ اب مچھلی خریدنے کیلئے مارکیٹ جانے کی ضرورت نہیں، صرف ہینڈ پمپ کھولو اور گھر بیٹھے مختلف اقسام کی مچھلیاں حاصل کرو۔ اس حوالے سے متعلقہ سرکاری افسر کا کہنا ہے کہ جلد اس صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک ٹیم گاؤں بھیجی جائے گی۔