بھارت نے مزید 100 سے زائد رافیل طیارے خریدنے کی تیاری کر لی

India prepares to buy more than 100 Rafale aircraft
پاکستان کے ساتھ کیشدگی میں نقصان کے باوجود بھارت نے مزید فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے خریدنے کی تیاری کر لی۔انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی ایئر فورس (آئی اے ایف) نے وزارت دفاع کو 114 ’میڈ ان انڈیا‘ رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کیلیے تجویز پیش کی جو فرانسیسی کمپنی ڈاسالٹ ایوی ایشن بھارتی ایرو اسپیس کمپنیوں کے ساتھ مل کر تیار کرے گی۔

LOADING...

اس معاہدے کی مالیت 2 لاکھ کروڑ (بھارتی روپے) سے زائد ہونے کا تخمینہ ہے اور اس میں 60 فیصد سے زیادہ مقامی مواد شامل کیے جانے کی توقع ہے۔وزارت دفاع کے حکام نے بتایا کہ بھارتی ایئر فورس کی تجویز جلد ہی سیکریٹری دفاع کی سربراہی میں ڈیفنس پروکیورمنٹ بورڈ (ڈی پی بی) کے سامنے بحث کیلیے پیش کی جائے گی۔دفاعی عہدیداروں نے بتایا کہ بھارتی ایئر فورس کی جانب سے 114 رافیل طیارے خریدنے کی تجویز چند روز قبل وزارت دفاع کو موصول ہوئی تھی جو اس وقت وزارت کے مختلف شعبوں میں زیرِ غور ہے، غور و خوض کے بعد یہ تجویز ڈی پی بی اور پھر ڈیفنس ایکوئزیشن کونسل کو بھیجی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو یہ رافیل طیارے خریدنے کیلیے اب تک کا سب سے بڑا دفاعی معاہدہ ہوگا جس سے بھارت کے پاس فرانسیسی ساختہ طیاروں کی 176 ہو جائے گی۔بھارت اس سے پہلے ہی 36 رافیل طیارے فضائیہ میں شامل کر چکا ہے جبکہ بھارتی بحریہ نے حکومتی سطح پر معاہدوں کے تحت مزید 36 طیاروں کے آرڈر دیے ہیں۔یہ سب ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد آپریشن سندور کے تحت پاکستان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی لیکن پاکستانی ایئر فورس کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے اس کے 6 لڑاکا طیارے زمین بوس ہوئے جس میں رافیل بھی شامل تھا۔





اشتہار


اشتہار