سعودی عرب میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مملکت کے کچھ علاقوں میں آئندہ بدھ تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایکس اکاونٹ پر اپنے بیان میں محکمہ شہری دفاع نے کہا کہ مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔رپورٹس کے مطابق طائف، میسان، اضم، مکہ مکرمہ شہر، العرضیات، اللیث، القنقذہ، الجموم، الکامل، بحرہ، الموہ، تربہ، الخرمہ اور رنیہ میں بارشیں ہوں گی۔عسیر، جازان، الباحہ اور نجران ریجن کے علاقے بھی درمیانے درجے سے شدید بارش سے متاثر ہوں گے جبکہ ریاض اور مدینہ ریجن میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش ہوسکتی ہے۔
LOADING...
محکمہ شہری دفاع نے اپنے بیان میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق ’سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے‘۔سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کے سیاحتی شہر ابھا میں افسوسناک حادثہ رونما ہوا، آسمانی بجلی گرنے سے 2 خواتین جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگئیں، زخمی خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔
متاثرہ خاندان کے رشتہ دار کا کہنا ہے کہ ہم 2 خاندان القریات سے سیر و تفریح کی غرض سے ابھا کے ایک تفریحی مقام پر موجود تھے۔اسی دوران اچانک آسمانی بجلی گری جس کی زد میں آکر ایک رشتہ دار خاتون اور اس کی 22 سالہ بیٹی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں الشراری کے مطابق خاندان کی ایک اور بیٹی بھی حادثے کے وقت وہیں موجود تھی جو بجلی گرنے سے زخمی ہوگئی۔ اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔