ایران کے صدر مسعود پزشکیان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، ایرانی صدر اپنے دورہ پاکستان کا آغاز لاہور سے کریں گے اور تاریخی شہر میں علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دیں گے۔
LOADING...
وہ لاہور میں مختصر قیام کے بعد اسلام آباد روانہ ہوں گے، یاد رہے کہ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ صدر مسعود پیزشکیان وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان پہنچ رہے ہیں پاکستان روانگی سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے میڈیا سے گفتگو کی تھی جس میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بتایا کہ دورے کے دوران سرحدی سلامتی، علاقائی امن کے امور زیرِ بحث آئیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ سرحدی منڈیاں اور رابطے باہمی تعاون کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں، وہ پاکستان اور چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں فعال شرکت کے خواہاں ہیں جس سے ایران کو یورپ سے جوڑنے کا موقع مل سکتا ہے۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ کوشش ہے کہ دو طرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچے، پاک ایران اسلامی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔