’مسلح افواج اور عوام کا اٹوٹ رشتہ اجتماعی قوت کا بنیادی ستون ہے‘: عسکری قیادت کا 78ویں یومِ آزادی پر پیغام

‘The unbreakable bond between the armed forces and the people is the fundamental pillar of collective strength’: Message from the military leadership on the 78th Independence Day
چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواج پاکستان کی جانب سے پوری قوم کو پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کی پرمسرت اور تاریخی موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ 

LOADING...

عسکری قیادت نے اس موقع کو اتحاد، استقامت اور ایک روشن مستقبل کے لیے مشترکہ عزم کی عظیم کامیابی سے تعبیر کیا۔اپنے پیغام میں عسکری قیادت نے بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیاں، جرات اور غیر متزلزل عزم و یقین نے آزادی کی راہ ہموار کی۔ یہ قربانیاں آج بھی ہمارے لیے رہنمائی کا روشن مینار ہیں۔مسلح افواج نے ان تمام رہنماؤں، مدبرین اور جانباز سپاہیوں کو بھی گہری عقیدت اور شکرگزاری کے ساتھ یاد کیا جنہوں نے اس ملک کی بنیاد رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

قیادت نے اس عزم کو دہرایا کہ بطور قومی سلامتی کے محافظ، مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، آئین کی پاسداری اور ان تمام اقدار کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں جو ہماری قومی شناخت کی اساس ہیں۔عسکری قیادت نے کہا کہ مسلح افواج اور عوام کا اٹوٹ رشتہ ہی ہماری اجتماعی قوت کا بنیادی ستون ہے۔ یوم آزادی کے اس مبارک موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ امن، ترقی اور یکجہتی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے اور ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے سے ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے۔




اشتہار


اشتہار