معروف بھارتی اداکار پریش راول، جو فلم ’ہیرا پھیری‘ کے لازوال کردار 'بابو بھیا' کے نام سے جانے جاتے ہیں، انہوں نے فلم کے تیسرے حصے ’ہیرا پھیری 3‘ سے راہیں جدا کر لی ہیں، جس کی تصدیق انہوں نے خود بولی وڈ ہنگامہ سے گفتگو میں کی۔پریش راول نے 'ہیرا پھیری' سیریز میں 'بابو راؤ گنپت راؤ آپٹے' عرف 'بابو بھیا' کا مشہور کردار ادا کیا تھا، جو وقت کے ساتھ ایک کلٹ کلاسک بن گیا۔ان کا مزاحیہ انداز اور یادگار ڈائیلاگز آج بھی سوشل میڈیا پر میمز کی صورت میں وائرل ہوتے ہیں۔
LOADING...
فلمی شائقین کو امید تھی کہ وہ ایک بار پھر راجو (اکشے کمار) اور شیام (سنیل شیٹی) کے ساتھ بابوراؤ کی دیوانگی اور مزاح سے بھرپور کہانی دیکھ سکیں گے لیکن پریش راول کی فلم سے علیحدگی نے نہ صرف شائقین کو مایوس کیا بلکہ فلم کے مستقبل پر بھی کئی سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔اس سے قبل اکشے کمار بھی فلم سے علیحدہ ہو گئے تھے جس پر مداحوں کو شدید مایوسی ہوئی تھی، لیکن خوش قسمتی سے وہ دوبارہ فلم کے تیسرے پارٹ کا حصہ بن گئے، اسی وجہ سے مداح پُرامید ہیں کہ پریش راول بھی واپس آ جائیں گے۔تاہم اگر پریش راول کی جگہ فلمساز کسی اور اداکار کو لینے کا فیصلہ کرتے ہیں، تو یہاں 5 ایسے اداکاروں کا تذکرہ درج ذیل ہے جو 'بابوراؤ' کے کردار میں جان ڈال سکتے ہیں۔
جانی لیور
جانی لیور کی شاندار مزاحیہ ٹائمنگ، چہرے کے تاثرات اور دہائیوں پر مشتمل تجربہ انہیں اس کردار کے لیے بہترین امیدوار بناتا ہے، وہ بآسانی 'بابوراؤ' کے کردار کو نئے انداز میں پیش کر سکتے ہیں۔
سنجے مشرا
سنجے مشرا کی دیسی حسِ مزاح اور بے ساختہ ادائیگی ہر سین کو یادگار بنا دیتی ہے۔ وہ معصومیت اور سرپھرے کرداروں کو اس خوبی سے نبھاتے ہیں جو بابوراؤ کے کردار کے لیے نہایت اہم ہے۔
پنکج ترپاٹھی
’استری سیریز‘ کے اداکار پنکج ترپاٹھی اپنی سادہ لیکن مزاح سے بھرپور ڈائیلاگز کی برجستہ ادائیگی کے لیے مشہور ہیں۔ان کا سنجیدہ چہرہ اور چُبھتے جملے بابوراؤ کو ایک نیا مگر دلچسپ رنگ دے سکتے ہیں۔
انو کپور
انو کپور اپنی زبردست مزاحیہ اداکاری اور اسکرین پر موجودگی سے کردار میں نئی روح پھونک سکتے ہیں۔وہ بابوراؤ کے مخصوص انداز کو ایک نئے رنگ میں پیش کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
منوج پاہوا
منوج پاہوا کی بہترین کامِک ٹائمنگ اور نیچرل ایکٹنگ کی صلاحیت انہیں پریش راول کا ایک بہترین متبادل بنا سکتی ہے۔وہ اپنے پُرجوش مگر معصوم انداز کے ذریعے بابوراؤ کی کمی کو محسوس نہیں ہونے دیں گے۔
مداح پُرامید
اگرچہ ان اداکاروں میں قابلیت کی کوئی کمی نہیں، لیکن پریش راول کے 'بابوراؤ' جیسا کردار تخلیق کرنا آسان کام نہیں۔مداح اب بھی امید کر رہے ہیں کہ فلمساز اور پریش راول کے درمیان تخلیقی پہلوؤں پر اختلافات ختم ہوں، اور وہ ایک بار پھر اپنی جاندار اداکاری سے 'ہیرا پھیری 3' میں جان ڈالیں۔