دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک درجنوں بچوں پر مشتمل ایک "لشکر" بنانے کے مشن پر کام کر رہے ہیں، جس کے لیے وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" کے ذریعے ممکنہ ماؤں سے رابطہ کرتے ہیں اور سروگیسی کے ذریعے بچوں کی پیدائش کو تیز کرنے کی تجویز بھی دیتے ہیں۔این ڈی ٹی وی نے وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایلون مسک کم از کم 14 بچوں کے والد بن چکے ہیں۔
LOADING...
جن میں ان کی سابقہ بیوی جسٹین مسک، گلوکارہ گرائمز، نیورالنک ایگزیکٹو شیون زلس اور 26 سالہ قدامت پسند انفلوئنسر ایشلے سینٹ کلیئر شامل ہیں۔ ایشلے سینٹ کلیئر نے بتایا کہ مسک نے انہیں بارہا پیغامات بھیجے، جن میں بچوں کی بڑی تعداد کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ ایک پیغام میں مسک نے لکھا "میں چاہتا ہوں تمہیں دوبارہ حاملہ کروں" اور یہ بھی کہا کہ "قیامت سے پہلے لشکر کی سطح تک پہنچنا ہے۔"
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایلون مسک نے جاپان کی ایک معروف خاتون کو اپنا نطفہ فراہم کیا اور ان کے ساتھ بچے پیدا کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے یہ بظاہر جاپانی حکام کی طرف سے رابطہ کیے جانے کے بعد کیا۔رپورٹ کے مطابق مسک نے دیگر خواتین جیسے کرپٹو انفلوئنسر ٹفنی فونگ سے بھی بچوں کی پیدائش کے لیے رابطہ کیا لیکن جب انہوں نے پیغامات شیئر کیے تو مسک نے انہیں "ایکس" پر ان فالو کر دیا۔
چند خواتین کا کہنا ہے کہ مسک کی ٹیم سخت رازداری کے معاہدوں اور مالی مراعات کے ذریعے کنٹرول قائم رکھتی ہے۔ ان کے قریبی ساتھی جیئرڈ برچل نے اس پورے نظام کو "میرٹوکریسی" قرار دیا جہاں مراعات ان لوگوں کو دی جاتی ہیں جو "اچھا کام" کرتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق مسک کی یہ سوچ ہے کہ آبادی میں کمی انسانیت کے لیے خطرہ ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ذہین افراد کو زیادہ بچے پیدا کرنے چاہئیں تاکہ تہذیب کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔ ایلون مسک اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ میں "ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی" کے سربراہ اور مشیر کے طور پر بھی کام کر رہے ہیں جبکہ فوربز کے مطابق ان کے اثاثے 367.9 ارب ڈالر ہیں۔