ہندوستان اور جاپان کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور ہندوستان کے بلٹ ٹرین منصوبے کو نئی رفتار دینے کے لیے جاپان نے ممبئی تا احمد آباد ہائی اسپیڈ ریل کوریڈور کے معائنے کے مقصد سے دو شنکانسن ٹرین سیٹ بطور تحفہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان ٹرین سیٹوں میں ای 5 اور ای 3 ماڈل شامل ہوں گے، جو جاپانی ٹیکنالوجی کا نمونہ ہیں۔
LOADING...
امید کی جا رہی ہے کہ یہ ٹرینیں 2026 کے اوائل تک ہندوستان پہنچ جائیں گی اور کوریڈور کے مکمل آپریشن سے قبل انجینئروں کی تربیت اور تکنیکی مہارت بڑھانے کے لیے استعمال کی جائیں گی تاکہ وہ شنکانسن سسٹم کو بخوبی سمجھ سکیں۔جاپان ٹائمز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اس بات پر بھی غور ہو رہا ہے کہ 2030 کی دہائی کے آغاز میں اس کوریڈور پر ای 10 سیریز کی جدید نسل کی شنکانسن ٹرینیں بھی متعارف کرائی جائیں۔ اس تیز رفتار ریل کوریڈور کے پہلے مرحلے میں سورت سے بلیمورہ کے درمیان 48 کلومیٹر کے فاصلے پر اگست 2026 سے بلٹ ٹرین خدمات شروع ہونے کی امید ہے۔