عالمی شہرت یافتہ ریسلر اور ہالی وڈ اداکار جان سینا 2025 میں کسی وقت ریسلنگ کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ دیں گے۔ اس وقت وہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں کافی سرگرم ہیں اور حالیہ ایلیمینیشن چیمبر میچ میں کامیابی کے بعد وہ ریسل مینیا 41 میں موجودہ چیمپئن کوڈی روڈز کے مدمقابل آئیں گے۔
LOADING...
ایلیمینیشن چیمبر میں جان سینا نے ایک ایسا ریکارڈ قائم کیا جو کسی بھی ریسلر کے لیے بےحد منفرد اور غیرمعمولی ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق، انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک “ہیرو” یعنی مثبت کردار میں رہنے کے بعد اچانک “ہیل” یعنی ولن کا روپ دھار کر ایک نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔
جان سینا گزشتہ 20 سال سے زیادہ عرصے تک ڈبلیو ڈبلیو ای میں ایک نیک کردار کے طور پر پہچانے جاتے رہے، تاہم ایلیمینیشن چیمبر میچ کے بعد انہوں نے غیر متوقع طور پر کوڈی روڈز پر حملہ کر کے خود کو ولن میں تبدیل کرلیا اور دی راک کے ساتھ مل گئے۔یہ پہلا موقع نہیں جب جان سینا ولن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس سے قبل وہ 2003 میں ایسا کر چکے تھے، تاہم 6 نومبر 2003 کے بعد وہ مسلسل 7786 دن تک ایک مثبت ریسلر کے طور پر پہچانے جاتے رہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ ہلک ہوگن کے پاس تھا، جو 5420 دنوں تک ہیرو رہنے کے بعد ولن بنے تھے۔یہ عالمی ریکارڈ طویل عرصے تک قائم رہ سکتا ہے، لیکن یہ پہلا موقع نہیں کہ جان سینا نے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا ہو۔
اس سے قبل بھی وہ ایک ایسا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں جو ان کی انسان دوستی کو نمایاں کرتا ہے۔جان سینا “میک اے وش فاؤنڈیشن” کے ذریعے سب سے زیادہ بیمار بچوں کی خواہشات پوری کرنے والے شخص ہیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق، جولائی 2022 تک وہ 2 سے 18 سال کی عمر کے 650 سے زائد بچوں کی خواہشات پوری کر چکے تھے، جو کسی اور معروف شخصیت نے آج تک نہیں کیا۔
یہ فاؤنڈیشن شدید بیمار بچوں کی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے کام کرتی ہے، اور بچے اکثر کسی معروف شخصیت سے ملاقات، کسی ایونٹ میں شرکت یا تحفہ حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہیں۔ جان سینا ہمیشہ اس نیک کام کے لیے تیار رہتے ہیں اور 2002 سے اس فاؤنڈیشن سے وابستہ ہیں۔