
اوسلو میں ہونے والی پاکستانی جوڑے کی شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بن رہی ہے۔گزشتہ روز ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں پاکستانی بوبو کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں 13 مختلف ممالک کے شہریوں نے بھی شرکت کی اور اِس شادی کو سوشل میڈیا پر بہت وائرل کیا جا رہا ہے۔
LOADING...
بوبو کی شادی کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں وہ اپنے دوستوں کے ساتھ پنجابی گانوں پر ناچتے نظر آرہے ہیں جس سے یہ واضح ہورہا ہے کہ وہ اپنی شادی پر کتنا زیادہ خوش ہیں، اُن کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر اب تک لاکھوں صارفین دیکھ چُکے ہیں اور ہزاروں بار شیئر بھی کیا جاچُکا ہے۔
بوبو کا اصل نام برہان چشتی ہے او ر اُن کی دُلہن کا نام فوزیہ ہے، فوزیہ کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع پاکپتن سے ہے، اُن کا کہنا ہے کہ وہ برہان چشتی سے بے انتہا محبت کرتی ہیں اور وہ بھی اُن کو پیار سے بوبو کہتی ہیں، فوزیہ نے اپنے شوہر کو اپنی محبت کا احساس دِلانے کے لیے اپنے ہاتھ پر ’بوبو‘ کا نام بھی لکھوایا ہوا ہے۔
بوبو کی زندگی کے سب سے بڑے اور خوبصورت موقع پر بوبو کے دوستوں نے اِس شادی شدہ جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے دوست کی شادی میں شرکت کے لیے مختلف ممالک سے سفر طے کرکے آئے ہیں۔واضح رہے کہ بوبو پیدائشی طور پر پولیو کے مرض میں مبتلا ہیں اِس بیماری کے باوجود بھی بوبو سوشل میڈیا پر فعال رہتے ہیں اور اُن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ مشہور شخصیات کے ساتھ ملاقات کی تصاویر سے بھرا ہوا ہے۔اِن تصاویر سے یہ واضح ہے کہ بوبو اپنی زندگی بھرپور انداز میں گُزار رہے ہیں۔