ایرانی صدر کے نائب جواد ظریف کا 10 روز بعد ہی مستعفی ہونے کا اعلان

Iran's Vice President Javad Zarif announced his resignation after 10 days
ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے معاون برائے تزویراتی امور جواد ظریف نے 10 روز بعد ہی مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کی گئی وزراء کی فہرست کے بعد جواد ظریف کے استعفیٰ دینے کا اعلان سامنے آیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اتوار کو اپنی کابینہ کے نام پیش کیے تھے جس میں صرف ایک خاتون شامل تھی۔

LOADING...

 میڈیا رپورٹس کے مطابق جواد ظریف نے اپنے استعفے کی کئی وجوہات بتائی ہیں جن میں خاص طور پر نئی مجوزہ 19 رکنی کابینہ میں شامل افراد ہیں،جواد ظریف کا کہنا ہے کہ میں شرمندگی محسوس کر رہا ہوں کہ میں حکومت میں خواتین، نوجوانوں اور اقلیت کی نمائندگی کو اس طرح سے یقینی نہیں بنا سکا جس کا میں نے وعدہ کیا تھا۔ 

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں جواد ظریف کا کہنا  تھا کہ بہرحال یہ پہلا تجربہ تھا جو کوتاہی سے بھرپور رہا تاہم یقیناً مستقبل میں بہتر ہو جائے گا، دیگر مسائل کے ساتھ میں نے یونیورسٹی میں کام کرنے کی طرف واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے۔  جواد ظریف نے اپنے پیغام میں لکھا کہ میں ایران کے عظیم عوام کے سامنے معذرت خواہ ہوں کہ داخلی سیاست کے اہم امور کی پیروی نہ کر سکا۔

 ایرانی صدر ڈاکٹر پیزشکیان کو دئیے گئے پیغام میں جواد ظریف نے کہا کہ وہ اپنے پیشے یعنی تعلیمی میدان میں واپس آئیں گے اور ملکی سیاست پر کم توجہ دیں گے ۔ یاد رہے کہ اتوار کے روز ایران کے صدر نے نئی مجوزہ 19رکنی کابینہ کے ناموں کی فہرست منظوری کیلئے پارلیمنٹ بھیجی ہے جس میں صرف ایک خاتون رکن کو شامل کیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ جواد ظریف ماضی میں وزیرِ خارجہ کی بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔




اشتہار


اشتہار