لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی جس کے بعد موسم میں مزید بہتری آ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، پانی جمع ہونےسے گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، بارش کی وجہ سے متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے۔
لاہور چھپڑ سٹاپ، سکیم موڑ، ملتان روڈ، چوبرجی، سیکرٹریٹ، ٹمبر مارکیٹ، شالیمار، فاروق ہسپتال ،بھٹہ چوک، گرین ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، دھرم پورہ پر بارش کا پانی جمع ہوگیا، شامی روڈ سے سرور روڈ، کیولری سے خورشید عالم، سیون اپ پھاٹک، ندیم چوک، صدر گول چکر پر بھی بارش کا پانی موجود ہے۔
شہر میں ڈیڑھ گھنٹے میں سب سے زیادہ بارش قرطبہ چوک 110 ملی میٹر کی گئی ،لکشمی چوک 105 ملی میٹر ، جیل روڈ پر 48 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،ایئر پورٹ پر 23 ملی میٹر ، گلبرگ میں 76 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی،اپر مال پر47 ملی میٹر،مغلپورہ میں 53 ملی میٹر ، تاجپورہ میں 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
نشتر ٹاؤن میں 50 ملی میٹر،چوک ناخدا 48 ملی میٹر ، پانی والا تالاب میں 72 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی، فرخ آباد 30 ملی میٹر ، گلشن راوی 61 ملی میٹر بارش ریکارڈہوئی،اقبال ٹاؤن 33 ملی میٹر ، سمن آباد میں41 ملی میٹر،جوہر ٹاؤن 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
صوبائی دارلحکومت کے علاوہ مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، صفدر آباد، جڑانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کامونکی، نارووال، اوکاڑہ، جھنگ، بہاولپور، رینالہ خورد، کوٹ ادو، بھلوال، کبیروالا، حافظ آباد، منچن آباد، شورکوٹ، پاکپتن سمیت دیگر شہروں میں بھی صبح سویرے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم مزید خوشگوار ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، بارش کی وجہ سے بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔