بالی وڈ فلم ’دبنگ‘ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی اداکارہ سوناکشی سنہا کے اپنے بوائے فرینڈ ظہیر اقبال سے شادی کی خبر سب کی توجہ کا مرکز بن گئی۔بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ سوناکشی سنہا اداکار ظہیر اقبال کے ساتھ شادی کرنے جاری ہیں اور شادی کی تقریب کا انعقاد 23 جون کو ممبئی میں کیا جائیگا۔اگرچہ مداح سوناکشی اور ظہیر کی جانب سے اس خبر کی تصدیق کا انتظار کر رہے ہیں۔
لیکن دونوں فنکاروں کے مداح اس خبر کا بھی بے صبری سے انتظار کر رہے تھےسوناکشی اور ظہیر اقبال سال 2022 میں سنیما گھروں کی زینت بننے والی فلم ’ڈبل ایکس ایل‘ میں ایک ساتھ کاسٹ کیے گئے تھے اور ممکنہ طور پر دونوں اسی فلم کے سیٹ پر ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوگئے۔
دونوں ہی فنکار انسٹاگرام پر ایک دوسرے کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے رہے ہیں خاص طور پر سوناکشی کی سالگرہ پر ظہیر کی جانب سے خاص پوسٹ اور ظہیر کی سالگرہ پر سوناکشی نے برتھ ڈے پوسٹ جاری کیا۔اگرچہ سوناکشی کو تو سب ہی جانتے ہیں لیکن ظہیر اقبال زیادہ مشہور نہیں اور سوناکشی کے ساتھ شادی کی خبروں کے بعد بالی وڈ متوالے ظہیر کے متعلق جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دراصل ظہیر اقبال سپر اسٹار سلمان خان کے بچپن کے دوست اقبال رتنسی کے بیٹے ہیں جو پیشے کے اعتبار سے جیولرز ہیں جبکہ ظہیر کی بہن صنم رتنسی بالی وڈ میں ایک مشہور اسٹائلسٹ ہیں۔اگرچہ ظہیر اقبال کی دلچسپی اپنے فیملی بزنس میں تھی لیکن سلمان خان نے ان کے اندر کچھ خاص دیکھ کر اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کا مشورہ دیا۔
ظہیر اقبال نے 2014 میں فلم ’جے ہو‘ میں سلمان خان کے ساتھ بطور اسسٹنٹ ڈائیریکٹرکام کیا اور 2019 میں فلم ’نوٹ بُک‘ سے بالی وڈ ڈیبیو دیا۔ظہیر اقبال فلموں کے علاوہ اشتہارات اور برانڈ انڈروزمنٹس سے بھی اپنی دولت میں اضافہ کر رہے ہیں اور بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ظہیر اقبال کی مجموعی دولت ایک سو دو کروڑ ہے۔