پاکستان سمیت بھارت میں بھی اپنی گلوکاری و اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف گلوکار علی ظفر کی بالی ووڈ اداکاراؤں شردھا کپور اور پرینیتی چوپڑا کے ہمراہ ویڈیو وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر علی ظفر کی پرانی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں گلوکار کے ہمراہ بھارتی اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور شردھا کپور بھی موجود ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شردھا کپور اور رینیتی چوپڑا بھارتی صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر کی صلاحیتوں اور پُرکشش شخصیت کی تعریف کررہی ہوتی ہیں کہ اسی دوران علی ظفر اچانک کیمرے کے سامنے آجاتے ہیں،علی ظفر کی شرارت دیکھ کر شردھا کپور انٹرویو روک دیتی ہیں اور پھر علی ظفر کو دیکھنے کے بعد دوبارہ اپنی گفتگو شروع کردیتی ہیں۔
بالی ووڈ اداکاراؤں کے انٹرویو کے دوران، علی ظفر صحافی سے پوچھتے ہیں کہ آپ کیسے ہیں؟ کیا آپ خوش ہیں؟ میرا نام ناٹی علی (شرارتی علی) ہے۔ ویڈیو پر تبصرے کرتے ہوئے گلوکار کے مداحوں نے کہا کہ لڑکے اسی طرح اپنی خاتون دوستوں کو تنگ کرتے ہیں جبکہ کچھ صارفین نے علی ظفر کے خلاف تبصرے کرتے ہوئے کہا جس طرح گلوکار ویڈیو میں شردھا کپور کے قریب آئے تو وہ دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ میشا شفیع نے اُن پر ہراسانی کا درست الزام لگایا تھا۔
واضح رہے کہ چند سال قبل گلوکارہ میشا شفیع نے می ٹو مہم کے تحت علی ظفر پر الزام لگایا تھا کہ علی ظفر نے انہیں ایک نہیں بلکہ کئی بار جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا ہے۔