وزیراعظم نے 200 یونٹس استعمال کرنیوالے صارفین کو خوشخبری سنا دی

The Prime Minister announced the good news to the consumers using 200 units
وزیراعظم شہباز شریف نے پروٹیکٹڈ صارفین کو  آخر کار ریلیف دیدیا، 200 یونٹس استعمال کرنیوالوں کیلئے ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی،200 یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے سبسڈی حکومت برداشت کرے گی۔  وزیراعظم نے پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے بجلی نرخوں میں اضافہ کی معاشی ٹیم کی تجویز مسترد کر دی ۔

وزیراعظم آفس کے ذرائع کے مطابق تقریبا 2 کروڑ پروٹیکٹڈ صارفین کو بجٹ میں بجلی نرخوں میں سبسڈی فراہم کی جائے گی، آئندہ مالی سال بجلی نرخوں میں اضافہ پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کیلئے نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑے صارفین کیلئے بجلی ٹیرف میں اضافہ نئے مالی سال کے پہلے ماہ سے کیا جائے گا۔

رواں مالی سال کے اختتام تک پروٹیکٹڈ صارفین کو 160 ارب روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔خیال رہے کہ وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ کا گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  100 یونٹ تک کے صارفین کو مفت بجلی دینے کا پلان تیار ہوگیا ہے ، سولر پارک اور منی گرڈ سٹیشن سے صارفین کو  مفت بجلی دیں گے، سندھ حکومت نے بجٹ میں سولر انرجی اور منی گرڈ کیلئے رقم مختص کردی۔

بجٹ میں سولرانرجی کیلئےابتدائی طور پر5 ارب روپے رکھے گی۔وزیر توانائی نے کہا بجٹ میں سولر پینل انتہائی رعایتی قیمت پر دینے کی سکیم لارہے ہیں، غریب اورمتوسط طبقے کو2 لاکھ سولر پینلز دیئے جائیں گے۔  ان کا کہنا تھا کہ سولرپینلز کی قیمت کا80 فیصد حکومت اور20 فیصد عوام سےلیا جائے گا۔ 
 سندھ میں 5لاکھ ایسےگھر ہیں جہاں سرے سے بجلی ہی موجود نہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کراچی سمیت سندھ میں سولرپارک اورمنی گرڈسٹیشن لگائیں گے۔



اشتہار


اشتہار