بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے دادا صاحب پھالکے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایوارڈز میں بڑا اعزاز اپنے نام کرنے کے بعد لالچی ہونے کا اعتراف کرلیا۔حال ہی میں شاہ رخ خان کو دادا صاحب پھالکے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایوارڈز 2024 پر فلم 'جوان' کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
کنگ خان نے دلچسپ انداز اور گفتگو کے ساتھ اپنا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے حاضرین کو محظوظ کیا۔شاہ رخ خان کا کہنا تھا 'تمام جیوری ممبران کا شکریہ جنہوں نے مجھے بہترین اداکار کے قابل سمجھا اور اتنے سالوں سے مجھے بہترین اداکار کا ایوارڈ نہیں ملا تو ایسا لگ رہا تھا کہ اب کبھی ملے گا بھی نہیں۔
مجھے بے حد خوشی ہے۔ مجھے ایوارڈز بہت پسند ہیں، اس کے لیے میں تھوڑا لالچی ہوں۔'کنگ خان نے سنجیدگی سے ’جوان‘ کی پوری ٹیم اور سامعین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے کام کو پسند کیا۔ انہوں نے مداحوں سے وعدہ بھی کیا کہ وہ اسی طرح محنت کرکے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر شائقین کو محظوظ کرتے رہیں گے۔واضح رہے کہ فلم 'جوان' باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کرچکی ہے۔