پاکستانی معروف اداکارہ و ماڈل ہانیہ عامر پہلی باربھارتی گلوکار بادشاہ سے متعلق دوستی اور تعلقات کی خبروں پر بول پڑیں۔ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ہانیہ عامر نے ‘بی بی سی ایشین نیٹ ورک’ کو انٹرویو دیا جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر سمیت سوشل میڈیا ٹرولنگ اور بھارتی گلوکار بادشاہ کے ساتھ دوستی پر بات چیت کی۔
دورانِ انٹرویو پروگرام کے میزبان نے ہانیہ عامر سے بادشاہ سے تعلقات اور دوستی سے متعلق سوال کیا جس پر پہلے تو اداکارہ ٹال مٹول کرنے لگیں لیکن جب میزبان نے اصرار کیا تو اُنہوں نے اس سوال پر لب کشائی کی۔ ہانیہ عامر نے کہا کہ ایک بار بادشاہ نے میری انسٹاگرام ریل پر کمنٹ کیا تھا جس کے بعد مداحوں نے مجھے کمنٹ سیکشن میں ٹیگ کرنا شروع کردیا تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ جب میں نے بادشاہ کا کمنٹ دیکھا تو میں نے اُنہیں انسٹاگرام پر میسج کیا اور اُن سے سلام دُعا کی جس کے بعد ہمارے درمیان دوستی کا رشتہ قائم ہوگیا تھا۔اُنہوں نے کہا کہ بادشاہ کے ساتھ صرف سلام دُعا والی دوستی ہے، اس سے زیادہ کچھ نہیں، سوشل میڈیا پر اُن کے اور بادشاہ کے تعلقات سے متعلق تمام خبریں بےبنیاد اور جھوٹی ہیں۔
ہانیہ عامر نے کہا کہ مجھے ایسی خبریں پڑھ کر بہت افسوس ہوتا ہے، میں غیر شادی شدہ ہوں اسی وجہ سے آئے روز میرے تعلقات سے متعلق افواہیں اور جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں۔اُنہوں نے شکوے کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر میں غیر شادی شدہ ہوں تو اس میں میری کوئی غلطی یا قصور نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ہانیہ عامر اور بھارتی گلوکار بادشاہ کی دوستی کے خوب چرچے ہیں، یہ دونوں فنکار اکثر دبئی میں ملاقات کرتے ہیں جس کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔