امریکی ایوان نمائندگان میں ٹک ٹاک پر پابندی کا بل منظور

The bill to ban Tik Tok was passed in the US House of Representatives
واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان میں ٹک ٹاک پر پابندی کا بل منظور کر لیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان میں چینی ٹیکنالوجی کمپنی بائٹ ڈانس کی ویڈیو شیئرنگ ایپ “ٹک ٹاک” پر پابندی کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔بل کی منظوری کے بعد اگر 6 ماہ میں ٹک ٹاک نے چینی کمپنی سے علیحدگی اختیار نہیں کی تو اس پر امریکہ میں پابندی عائد کر دی جائے گی۔

امریکی ایوان نمائندگان میں ٹک ٹاک کے خلاف پیش کردہ بل کی حمایت میں 352 اور مخالفت میں صرف 65 ارکان نے ووٹ دیا۔بل کی ایوان نمائندگان سے منظوری کے بعد اب اسے سینیٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں سے بل کی منظوری ضروری ہے۔بل کے متن کے مطابق ٹک ٹاک کی پیرنٹ کمپنی ”بائٹ ڈانس“ کو 180 دن میں ایپلی کیشن فروخت کرنا ہو گی بصورت دیگر امریکہ میں ایپل اور گوگل پلے اسٹور پر ٹک ٹاپ پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ صرف امریکہ میں ٹک ٹاک کے 17 کروڑ فالوورز موجود ہیں اور یہ پابندی ٹک ٹاک کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہو گی۔دوسری جانب چین نے خبردار کیا ہے کہ ٹک ٹاک پر پابندی کا اقدام خود امریکہ کے لیے نقصان دہ ثابت ہو گا۔ امریکہ کو کبھی بھی اس بات کا ثبوت نہیں ملا کہ ٹک ٹاک امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے لیکن اس کے باوجود ٹک ٹاک کو دبانے کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا۔



اشتہار


اشتہار