سال 2019 میں شادی کی پیشکش والے ایک فوٹو شوٹ سے وائرل ہونے والی ہم جنس پرست جوڑی صوفی ملک اور انجلی چکرا نے اپنا رشتہ ختم کرنے کااعلان کردیا ہے۔امریکا میں مقیم بھارت سے تعلق رکھنے والی انجلی چکرا اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے صوفی ملک نے اپنا رشتہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شادی منسوخ کردی ہے۔جنوبی ایشیائی ثقافت اور ہم جنس پرستی کے باعث انٹرنیٹ پر سنسنی پھیلانے والی اس جوڑی نے انسٹاگرام پرعلیحدگی کی خبر شیئر کی جس کی وجہ صوفی کی جانب سے بے وفائی بتائی گئی ہے۔
انجلی اور صوفی کا ایک ساتھ سفر 5 سال پہلے شروع ہوا تھا۔علیحدگی سے ایک سال قبل سرانجام پانے والی منگنی بھی کسی پریوں کی کہانی سے کم نہیں تھی۔ صوفی نے انجلی کو نیو یارک کی مشہور ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ میں شادی کی پیشکش کی تھی اور یہ لمحہ انہوں نے ایک ویڈیو پوسٹ کے ذریعے اپنے فالوورز کے ساتھ شیئر کیا تھاتاہم دونوں کے تعلقات میں ٹرننگ پوائنٹ اس وقت آیا جب صوفی نے انجلی کو شادی سے چند ہفتے پہلے دھوکہ دینے کا اعتراف کیا۔
صوفی نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا، ’’میں نے اپنی شادی سے چند ہفتے قبل اسے (انجلی کو) دھوکہ دے کر بہت بڑی غلطی کی، میں نے اسے بہت تکلیف پہنچائی ہے، میری سمجھ سے بالاتر ہے۔ میں اپنی غلطی کا اعتراف کر رہی ہوں اور کرتی رہوں گی۔ میں نے اپنے اعمال کے ذریعے ان لوگوں کو نقصان پہنچایا ہے جن سے میں سب سے زیادہ محبت کرتی ہوں اور ان کی پرواہ کرتی ہوں ، بشمول ہمارے خاندان اور دوست، ہماری کمیونٹی جس کی میں قدر کرتی ہوں۔‘
انجلی نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’ یہ ایک صدمہ ہوسکتا ہے لیکن ہمارا سفر بدل رہا ہے۔ ہم نے صوفی کی بے وفائی کی وجہ سے اپنی شادی منسوخ کرنے اور اپنے تعلقات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔’