کا غذات نامزدگی منظور،شہباز شریف،عمر ایوب میں مقابلہ کل ہوگا

Manzoor, Shehbaz Sharif, Umar Ayub will compete tomorrow
مسلم لیگ ن کے صدر ،سابق وزیراعظم  شہبازشریف، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی منظور ،دونوں امیدواروں کے درمیان مقابلہ کل ہوگا ۔ سنی اتحاد کونسل نے شہبازشریف کے کاغذات پر اعتراض دائر کیا جو مسترد ہوگیا، ن لیگ نے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب پر کوئی اعتراض دائر نہیں کیا۔

 مسلم لیگ ن کو پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، استحکام پاکستان پارٹی کی حمایت حاصل ہے۔ 336 رکنی ایوان میں وزارت عظمیٰ کے لیے 169 ووٹ درکار ہیں جبکہ اتحادی جماعتوں کو 209 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی تعداد 91 ہے۔ قومی اسمبلی میں رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس 2007ء کے دوسرے شیڈول کے مطابق وزیراعظم کا انتخاب اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے کیا جاتا ہے۔

 اس کے علاوہ پاکستان کے اسلامی جمہوریہ مملکت ہونے کی وجہ سے حکومت کے سربراہ کا مسلمان ہونا ضروری ہے۔ وزیراعظم کے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار کو انتخاب سے ایک روز قبل دوپہر 2 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کروانے ہوتے ہیں جس کے بعد نئے منتخب اسپیکر قومی اسمبلی ان نامزدگیوں کی جانچ کرتے ہیں۔

 اگر کوئی امیدوار انتخاب سے قبل اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینا چاہے تو وہ کس بھی لمحے واپس لے سکتا ہے۔ ملک کے 24ویں وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے شہباز شریف، عمر ایوب اور بلاول بھٹو زرداری نے بطور امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروائے جوکہ منظور کرلیے گئے تھے۔

وزیر اعظم کا انتخاب کیسے ہوتا ہے؟ 

وزیر اعظم کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد حتمی امیدواروں کا اعلان کیا جاتا ہے۔پولنگ ڈے پر وزیراعظم کے انتخاب سے قبل قومی اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے 5 منٹ تک گھنٹی بجانے کی ہدایت دی جاتی ہے تاکہ غیرحاضر اراکین ایوان میں آسکیں۔ سب کے آنے کے بعد اسمبلی کا اسٹاف، لابی کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات ہوجاتے ہیں۔

 اور ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے تک کسی کو آنے اور جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے نامزد امیدواروں کے نام کو اسمبلی ارکان کے سامنے پکارا جاتا ہے اور پھر دوسرے شیڈول میں موجود طریقہ کار کے ذریعے انتخاب کا عمل آگے بڑھایا جاتا ہے۔

 ووٹنگ کیسے ہوتی ہے؟

ووٹنگ کا عمل خفیہ نہیں ہوتا۔ اسپیکر کی جانب سے اراکین اسمبلی سے کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے مرضی کے مطابق امیدوار کو ووٹ دینے کے لیے ایک داخلی مقام سے جاکر شمار کنندہ کے پاس اپنا ووٹ ریکارڈ کروائیں۔ جیسے مثال کے طور پر اگر دو امیدوار ہوں تو اسپیکر کہے گا کہ ’جو امیدوار الف کو ووٹ دینا چاہتا ہے وہ لابی الف میں جا سکتا ہے‘ جبکہ ’جو امیدوار ب کو ووٹ دینا چاہتا ہے وہ ب لابی میں جا سکتا ہے‘۔

 اگر تین امیدوار ہیں تو ایک لابی سی بھی ہوسکتی ہے۔اس کے بعد متعلقہ لابی میں داخلے کے بعد شمار کنندہ کی ڈیسک پر پہنچ کر ہر رکن اسمبلی اپنا ڈویژن نمبر پکارتا ہے جو اسے قانون کے تحت دیا گیا ہوگا جس کے بعد شمار کنندہ ڈویژن فہرست میں اس رکن اسمبلی کے نمبر پر نشان لگائے گا اور ساتھ ہی اس کا نام پکارے گا۔ 
یہ یقینی بنانے کے لیے کہ ووٹ درست طریقے سے رجسٹر ہوا ہے، رکن اسمبلی تب تک اس جگہ سے واپس نہیں آسکے گا جب تک وہ شمار کنندہ کی جانب سے پکارے گئے اپنے نام کو واضح طور پر سن نہیں لیتا۔اپنا ووٹ ریکارڈ کروانے کے بعد وہ رکن اسمبلی تب تک چیمبر میں داخل نہیں ہوسکے گا جب تک دوبارہ گھنٹی نہیں بجائی جاتی۔




اشتہار


اشتہار