خیبر پختونخوا بارشوں سے ہلاکتیں، گلیات میں برفباری کی وجہ سے اسکولوں تعطیلات کا اعلان

Khyber Pakhtunkhwa deaths due to rains, school holidays announced due to snowfall in the streets
محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب میں آج بھی بارش کاامکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان، کشمیر اورگلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری ہوگی، بالائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

دیر بالا کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالا ئی علاقوں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، دیر بالا،لواری ٹنل،کمراٹ،بن شاہی اور دیگر علاقوں 3 فٹ تک برف باری ہو چکی ہے۔دیر بالا میں بھاری مشینری کی ذریعے برف ہٹانے کے بعد سڑک کھول دی گئی، ڈپٹی کمشنر دیر بالا کا کہنا تھا کہ اسنو چین کے بغیرکسی گاڑی کو لواری ٹنل سڑک پر سفر کی اجازت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیر بالا میں لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالو ں میں طغیانی کے خطرے کی وجہ سے آج تعلیمی ادارے بند رہیں گے،شانگلہ میں دو روز سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔خیبر پختون خوا میں بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کا دوسرا اسپیل شروع ہو گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ آج رات تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز ہی سے گہرے بادل اور بوندا باندی جاری ہے۔بارش، ہواؤں اور برف باری سے پشاور سمیت صوبے کے دیگر میدانی علاقوں میں سردی لوٹ آئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور برف باری کی صورت حال پر ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو رپورٹ جاری کر رکھی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز سے جاری بارش کی وجہ سے  7 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے ہیں، خیبرپختونخوا میں جاں بحق افراد میں 5 بچے، خاتون اور مرد شامل ہیں۔خیبرپختونخوا میں چھتیں گرنے کے واقعات کے دوران متعدد جانور بھی ہلاک ہوئے، مختلف اضلاع میں چھتیں گرنے سے مالی نقصان بھی ہوا۔
گلیات میں برف باری سے راستوں کی بندش کی وجہ سے تعلیمی ادارے 5 دن کیلئے بند کر د یے گئے، نوٹیفکیشن کے مطابق ایبٹ آباد اور گلیات میں تعلیمی ادارے بدھ کو کھولے جائیں گے۔ڈی ای او ملک تنویر کا کہنا تھا کہ برف باری کے باعث تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا مشکل ہے، موسمی حالات کی وجہ سے بچوں کو اسکول آنے میں دشواری کا سامنا ہے۔




اشتہار


اشتہار