تحریک انصاف کی جانب سے عمر ایوب کو شہباز شریف کے مقابلے میں وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار جبکہ اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو خیبرپختونخو اسمبلی کا اسپیکر نامزد کردیا گیا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے وزیراعظم ہمارا ہوگا، عمر ایوب وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہونگے۔ شام تک احتجاج کی تاریخ دے دیں گے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بچہ بچہ جانتاہے الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے، انتخابی دھاندلی کےخلاف ہم پرامن احتجاج کریں گے۔ میں خود تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کروں گا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 10 ماہ بعد سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے۔ ایک دو دن میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلالیں گے، چاہتے ہیں سیاسی جماعتوں سے مل کر حکمت عملی بنائیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہم نے الیکشن دھاندلی سے متعلق اپنے تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ جس کو ووٹ ملا اس کو حکومت کا حق ہے، الیکشن سے دودن پہلے ہمارے ووٹرز اور سپورٹرز کو جیلوں میں ڈالا۔