عام انتخابات 2024 میں صرف ایک دن باقی ہے، اس بار 2 کروڑ سے زائد نوجوان پہلی بار حق رائے دہی استعمال کریں گے جو کہ کسی بھی جماعت کی تقدیر بدل سکتے ہیں، لیکن سوال یہ ہےکہ کیا یہ نوجوان ووٹ کاسٹ کرنے کا صحیح طریقہ جانتے ہیں؟
سب سے پہلے اپنے ووٹ کی تفصیلات جانئے؟
اپنے ووٹ کی تفصیلات جاننے کے لئے اپنا 13 ہندسوں پر مشتمل شناختی کارڈ نمبر الیکشن کمیشن کی جانب سے دی گئی ہیلپ لائن سروس 8300 پر میسج کریں، چند سیکنڈ بعد آپ کو موصول ہونے والے میسج میں آپ کو آپ کا شماریاتی بلاک کوڈ، سلسلہ نمبر، خاندان نمبر، قومی اسمبلی کا حلقہ نمبر اور
پولنگ سٹیشن کا نام مل جائے گا، اس کو پیپر پر لکھ کر اپنے پاس محفوظ کر لیں۔
بیلٹ پیپرز پر مہر اور دستخط کی تصدیق؟
ووٹ ڈالتے وقت جب آپ پولنگ سٹیشن جائیں گے پولنگ ایجنٹ آپ سے دستخط کروائے گا اور انگوٹھا لگوائے گا پھر بعد میں آپ کو قومی اسمبلی کے حلقے اور صوبائی اسمبلی کے حلقے کے امیدوار کو ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے بیلٹ پیپرز دے گا تو سب سے پہلے تصدیق کریں اور تسلی کریں کہ ان پر پریزئیڈنگ آفیسر کے دستخط اور مہر لگی ہونی چائیے اگر ان پر دستخط اور مہر نہیں لگی ہو گی تو آپ کے ووٹ کو شمار نہیں کیا جائے گا، اس کے بعد آپ کو ایک بار اور انگوٹھا لگانا پڑے گا پھر آپ کو پولنگ بوتھ میں بھیج دیا جائے گا جہاں آپ بیلٹ پیپرز پر ٹھپہ لگائیں گے۔
بیلٹ پیپر پر ٹھپہ لگاتے وقت کی احتیاط
پولنگ بوتھ میں جب آپ کو بیلٹ پیپرز پر ٹھپہ لگانے کے لئے مہر دی جائے گی تب اس بات کا خاص خیال رکھیں کے آپ کے انگوٹھوں پر لگی ہوئی روشنائی بیلٹ پیپرز پر نا لگے، کیونکہ بیلٹ پیپرز پر اگر انگوٹھے سے اتر کر روشنائی لگ جائے یا کسی بھی قسم کی قلم سے کوئی بھی نشان لگ جائے تو آپ کا ووٹ شمار نہیں کیا جائے گا، بیلٹ پیپر پر مہر سے ٹھپہ لگاتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ نشان امیدوار کے نام پر نہیں بلکہ انتخابی نشان کے اوپر لگے اس سے باہر نہ جائے۔
بیلٹ پیپر پر ٹھپہ لگانے کے بعد اس کو تھوڑا ہوا میں لہرائیں تا کہ اس پر لگی روشنائی خشک ہو جائے کیونکہ ایسا نا کرنے کی صورت میں روشنائی بیلٹ پیپر پر لگ سکتی سے جس سے آپ کا ووٹ ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔ پیپرز کو فولڈ کر کے ان کے متعلقہ باکس میں ڈالیں۔پولنگ سٹیشن کے اندر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کا خاص رکھیں کیونکہ ان کی خلاف ورزی کرنے پر آپ کو بھاری جرمانہ اور قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔