پنجاب بھر کے سرکاری ملازموں اور افسروں کے یومیہ اور سفری الاؤنس میں اضافہ کر دیا گیا۔محکمہ خزانہ نے منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا۔درجہ ایک سے چار کے ملازموں کا یومیہ الاؤنس 800 سے بڑھا کر 1200 کردیا گیا، درجہ 5 سے 11 تک کے ملازموں کو 880 کے بجائے 1320 روپے ملیں گے۔
گریڈ 12 تا 16 تک کے ملازموں کا یومیہ الاؤنس 1440 سے بڑھ کر 2160 ہوگیا۔محکمہ خزانہ کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 17 تا 18 کے افسروں کو یومیہ الاؤنس 2560 کے بجائے 3840 ملے گا، گریڈ 19 تا 20 کے افسروں کا الاؤنس 3280 سے بڑھا کر 4920 کردیا گیا۔
گریڈ 21 کے افسروں کو 4 ہزار کے بجائے 6 ہزار، گریڈ 22 کو 4800 سے بڑھا کر7200 روپے یومیہ الاؤنس ملے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کی صورت میں فی کلو میٹر سفری الاؤنس 5 روپے سے بڑھا کر ساڑھے 7 روپے کر دیا گیا۔
اپنی گاڑی پر سفر کی صورت میں افسروں و ملازموں کو 10 کے بجائے 15 روپے فی کلو میٹر ملیں گے۔شہرسے باہر ڈیوٹی کی صورت میں افسروں اور ملازموں کو الاؤنسز دیئے جاتے ہیں، پہلے سے تنخواہ میں الاؤنس لینے والے ملازمین اضافے سے مستثنیٰ قرار دیئے گئے ہیں۔