بول نیٹ ورک کا انتظام ایشیا پاک انویسٹمنٹ گروپ نے سنبھال لیا ،اس حوالے سے نئی اور پرانی انتظامیہ کے ساتھ معاہدے پردستخط ہوگئے۔
بول نیٹ ورک کا انتظام ایشیا پاک انویسٹمنٹ گروپ نے سنبھال لیا اور بول ٹی وی نئی قیادت کے زیر انتظام ولولے، جوش وخروش کے ساتھ سفر جاری رکھے گا۔
اس دوران نئے چیئرمین وسی ای او سمیر چشتی کا ملازمین کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی جاری کیا جب کہ ڈپٹی سی ای او جمیل احمد خان نے بھی ملازمین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
میڈیا پروڈکشن سہولیات کے ساتھ بول نیٹ ورک ہم عصر میڈیا گروپس میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے اور جدید میڈیا ٹیکنالوجی کے ذریعے متعدد نشریاتی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر عالمی رسائی رکھتا ہے۔
اس کے علاوہ بول نیٹ ورک کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر ایک منفرد مقام حاصل ہے جو دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کے لیے درست اور حقائق سے بھرپور بروقت خبریں فراہم کرتا ہے۔
خیال رہے کہ ایشیا پاک انویسٹمنٹ کے دفاتر کراچی کے علاوہ لاہور اور اسلام آباد میں بھی ہیں۔ ایشیا پاک پاکستان میں انفراسٹرکچر، توانائی، بجلی، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرچکی ہے۔