The facility of traveling on two airlines on a single ticket.

ایک ہی ٹکٹ پردو ائیرلائنز کے سفر کی سہولت۔

ایک ہی ٹکٹ پردو ائیرلائنز کے سفر کی سہولت۔

 دبئی متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والی دنیا کی دو معروف فضائی کمپنیوں نے ایک ہی ٹکٹ پر ایمریٹس ایئرلائن یا اتحاد ایئرویز سے سفر کی منفرد سہولت متعارف کروانے کا اعلان کردیا، 

یہ پہلا موقع ہے جب متحدہ عرب امارات کے کیریئرز کی جانب سے اس طرح کی شراکت داری کی گئی ہے۔ خلیجی میڈیا کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن اور اتحاد ایئرویز نے اپنے انٹرلائن معاہدے کو وسعت دینے اور یو اے ای آنے کے خواہشمند افراد کو سفر کے اضافی اختیارات فراہم کرنے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں،

 نیا معاہدہ سامان کی آسان چیک اِن کے لیے ون اسٹاپ ٹکٹنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس کے تحت اس موسم گرما میں دونوں ایئرلائنز کے صارفین دبئی یا ابوظہبی میں پرواز کرنے کے لیے ایک ہی ٹکٹ خرید سکیں گے، 

توسیع شدہ انٹر لائن کے ابتدائی مراحل میں ہر کیریئر یورپ اور چین کے منتخب پوائنٹس سے ان باؤنڈ انٹرلائن ٹریفک کو ترقی دے کر یو اے ای کے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے پر توجہ دے گا۔


بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے دو کیریئرز کے درمیان اپنی نوعیت کے اس پہلے معاہدے کا مقصد اہم مارکیٹوں سے زیادہ سے زیادہ مسافروں کو راغب کرکے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے مواقع سے فائدہ اٹھانا ہے تاکہ سیاحوں کو اپنے ایک ہی سفر نامہ میں ایک سے زیادہ منزلوں کو دیکھنے کا تجربہ کرنے کے قابل بنایا جا سکے، 

منفرد نوعیت کے اس معاہدے سے سیاحوں کو ابوظہبی، دبئی یا کسی اور امارت کی سیر کرتے وقت زیادہ سے زیادہ علاقے کا احاطہ کرنے کی اجازت ملے گی، اس سے سیاحوں کی آمد کے ہوائی اڈے کے ذریعے ہی واپس جانے کی پابندی کو ختم کرنے کی وجہ سے وقت کی بچت بھی ہوگی۔


معلوم ہوا ہے کہ معاہدے کے باعث متحدہ عرب امارات میں سفر کرنے والے صارفین کے پاس 'ملٹی سٹی فلائٹس' کا آپشن ہوگا، جس میں دونوں کیریئرز کے نیٹ ورکس پر ایک شہر سے سفر کرنے کا انتخاب اور آسانی سے ایمریٹس یا اتحاد کے ذریعہ پیش کردہ کسی دوسرے مقام پر واپس جانے کی سہولت شامل ہے،

 اس حوالے سے ہونے والے ایم او یو پر ایمریٹس کے چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم اور اتحاد ایئر ویز کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد البلوکی نے ایمریٹس ایئرلائن کے صدر سر ٹم کلارک اور اتحاد کے سی ای او اینٹونوالڈو نیویس کی موجودگی میں عربین ٹریول مارکیٹ میں دستخط کیے۔


اس موقع پر ایمریٹس ایئر لائن کے صدر سر ٹم کلارک نے کہا کہ ہمیں اتحاد ایئرویز کے ساتھ دوبارہ کام کرنے پر خوشی ہے، اس بار ہر کیریئر کو متحدہ عرب امارات میں اور باہر بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کے اختیارات کی ایک نئی رینج پیش کرنے کی اجازت دی جائے گی، ایمریٹس اور اتحاد اپنے متعلقہ صارفین کی پیشکش کو بڑھانے اور متحدہ عرب امارات کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ہماری طاقتوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، 


ہمیں یقین ہے یہ نیا معاہدہ دونوں ایئرلائنز کے درمیان مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔
اتحاد ایئرویز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اینٹونوالڈو نیوس نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات میں اندرون ملک سیاحت کو سپورٹ کرنے اور اپنے متحرک شہروں میں سفر کی سہولت فراہم کرنے کے اپنے مشترکہ مشن میں ایمریٹس کے ساتھ شراکت کرنے پر خوش ہیں، 


متحدہ عرب امارات کی سیاحت کو سپورٹ کرنے والی دو عالمی معیار کی ایئر لائنز کے ساتھ ہمارا انٹر لائن معاہدہ ہمارے مہمانوں کے لیے ایک ہی ٹکٹ پر ابوظہبی اور دبئی کا بہترین تجربہ کرنا آسان بنا دے گا۔







اشتہار


اشتہار