اسلام آباد دنیا کے زیادہ خوش رہنے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان کی تنزلی ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں زیادہ خوش رہنے والے ممالک کی فہرست میں 3 درجے تنزلی کے بعد پاکستان اس لسٹ میں 108 ویں نمبر پر آگیا، اس ضمن میں جارجیا اسٹیٹ یونیورسٹی میں ریاضی اور شماریات کے شعبے کے زیر اہتمام ‘ورلڈ آف اسٹیٹسٹکس’ کی جانب سے زیادہ خوش رہنے والے ممالک کی فہرست جاری کی گئی، جس میں فِن لینڈ سب سے زیادہ خوش رہنے والا ملک قرار دیا گیا ہے۔
فہرست سے معلوم ہوا ہے کہ دنیا کے زیادہ خوش رہنے والے ممالک کی فہرست میں ڈینمارک دوسرے، آئس لینڈ تیسرے، اسرائیل چوتھے اور نیدرلینڈز پانچویں نمبر پر ہے، اس لسٹ میں چھٹے نمبر پر سویڈن اور نوروے کا ساتواں نمبر ہے۔
فہرست میں بتایا گیا ہے کہ ایشیائی ممالک میں پاکستان اب بھی بھارت اور بنگلہ دیش دونوں سے بہتر پوزیشن پر موجود ہے، کیوں کہ اس لسٹ میں بھارت کا 126 واں اور بنگلہ دیش کا 118واں نمبر ہے جب کہ پاکستان اس فہرست میں 108ویں نمبر پر ہے، زیادہ خوش رہنے والے ممالک کی فہرست میں دنیا میں افغانستان، سیرا لیون، بوٹسوانا، زمبابوے، کانگو اور بوٹسوانا کے لوگ سب سے زیادہ ناخوش ہیں۔
یاد رہے کہ 2021ء میں زیادہ خوش رہنے والے ممالک کی جاری کردہ فہرست میں پاکستان کو دنیا کا 105 واں خوش ترین ملک قرار دیا گیا تھا۔