Great news for Haj pilgrims.

عازمین حج کیلئے بڑی خوشخبری۔

 عازمین حج کیلئے بڑی خوشخبری۔

 عازمین حج کیلئے بڑی خبر آگئی۔ حکومت نے پہلی حج پرواز کی ممکنہ تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امسال 1 لاکھ 80 ہزار عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرمذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ 20 یا 21 مئی کو پہلی حج پرواز روانہ ہوجائے گی۔ 

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو پرائیویٹ حج آپریٹر وعدے پورے نہیں کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہو گی، انہوں نے کہا کہ سنا تھا کہ رمضان میں انتظامات مکمل کر لئے جاتے ہیں، میں آئیڈیل حج تو نہیں کرا سکتا لیکن مشکلات میں کمی ضرور لاؤں گا۔

سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ میں نے وزارت سنبھال کر دیکھا تو انتظامات تو بالکل نہیں تھے، مجھے ہنگامی طور پر سعودیہ جانا پڑ گیا تھا، اب حج آپریشن شروع ہو چکا ہے، 2022 میں سرکاری سکیم کے تحت 34 ہزار حاجی گئے تھے، 45 ہزار حاجی پرائیویٹ سکیم کے تحت گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ایک لاکھ 80 ہزار حجاج کرام فریضہ حج ادا کریں گے، ہم 2019 کے حج کے ساتھ اس سال کے حج کا موازنہ کر رہے ہیں، ابھی تک انتظامات کے حوالے سے میں مطمئن نہیں ہوں، ہوسکتا ہے مجھے دوبارہ سعودی عرب جانا پڑے، مجھے یقین ہے مسائل کو حل کرنے میں ہم کامیاب ہو جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جو خدام الحجاج وہاں ڈیوٹی پر نہیں ہوں گے ان کا 3 دن کا ٹی اے ڈی اے کاٹا جائے گا، دوسرے مرحلے میں ان کو ڈی پورٹ کراؤں گا، حاجیوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے گئے تو ان کو بھی بلیک لسٹ کراؤں گا۔

طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ ایئرلائنز کے لیٹ جانے اور سروس کی بھی شکایات ہیں، میں جس پرواز میں گیا تھا وہ بھی دو گھنٹے لیٹ تھی، میں نے ایئرلائنز والوں کے ساتھ بھی بات کی ہے، میڈیا کے لوگوں کی بڑی قربانیاں ہیں، کرپشن مکمل ختم نہیں ہونی لیکن کم سے کم میڈیا کا خوف ہر بندے کے دل میں ہونا چاہئے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز حاجیوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کریں، وعدے پورے نہ کرنے والوں پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔





اشتہار


اشتہار