’مبینہ رشوت‘ لینے کی ویڈیو وائرل: اسلام آباد پولیس کا ایس ایچ او معطل

Video of 'alleged bribery' goes viral: Islamabad Police SHO suspended

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی کے ایس ایچ او کو’ مبینہ رشوت‘ لینے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معطل کردیا گیا۔تھانہ سنگجانی کے ایس ایچ او کی مبینہ بدعنوانی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں ٹرک چھوڑنے کے عوض رقم وصول کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

LOADING...

آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے وائرل ویڈیو کا فوری نوٹس لے لیا، ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے ایس ایچ او تھانہ سنگجانی کو معطل کر دیا اور ایس پی صدر زون کاظم نقوی کو واقعے کی شفاف انکوائری کی ہدایت کرتے ہوئے انکوائری رپورٹ 24 گھنٹے میں طلب کر لی۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا،اختیارات کے ناجائز استعمال یا بدعنوانی کے شواہد ملنے پر قانونی کارروائی ہوگی۔یاد رہے پچھلے ماہ بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس اہلکار کے رشوت مانگنے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں اہلکار قانون کی پاسداری کرانے کے بجائے شہری کے ساتھ کھلے عام رقم کا سودا کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔موبائل فون سے بنی ہوئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی نیلی شرٹ اور گلے میں رومال ڈالے ایک اہلکار نے سڑک پر ایک کار سوار شہری کو روکا جہاں اس اہلکار نے قانونی اقدام کرنے کے بجائے گاڑی کی کھڑکی پر جھک کر رشوت کا مطالبہ شروع کردیا۔ 

ویڈیو میں اہلکار کو نہایت دوستانہ اور ’ہمدردانہ‘ انداز میں شہری سے مول بھاؤ کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے جس میں اہلکار کہتا ہے کہ ’کوئی کھانا شانا کھلاؤ، بس 3،4 ہزار دو، زیادہ نہیں، آپ بھائی ہو، ویسے تو 4 ہزار روپے کا چالان بنتا ہے لیکن آپ مجھے3 ہزار دے دو، چلو کچھ نہیں ہوتا‘۔ویڈیو کے مناظر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار گاڑی میں بیٹھے ڈرائیور سے کاغذات چیک کرنے کے بعد اس کو واپس کر رہا ہے، ایک طرف وہ شہری کو بھائی کہہ کر رعایت دینے کا دلاسہ دے رہا ہے تو دوسری جانب رقم کی وصولی پر زور دے رہا ہے، تاہم، کار سوار شہری نے نہایت چالاکی سے اس تمام گفتگو اور رقم کے لین دین کے مطالبے کی ویڈیو اپنے موبائل کیمرے میں محفوظ کرلی۔ 



حوالہ

اشتہار


اشتہار