سی ایس ایس کے امیدواروں کے لیے عمر کی حد 30 سے بڑھا کر 35 سال کرنے کی سفارش مسترد کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق سی ایس ایس امتحان میں شرکت کے لیے عمر کی بالائی حد 30 سے بڑھا کر 35 سال کرنے اور امتحان میں شرکت کے مواقع 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کی سفارش مسترد کردی گئی۔قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے سی ایس ایس امیدواروں کی عمر کی حد 30 سے بڑھا کر 35 سال کرنے کی سفارش کی تھی، جبکہ قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے امتحان میں شرکت کے مواقع 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کی تجویز دی تھی۔
LOADING...
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پارلیمانی کمیٹی کو سی ایس ایس سے متعلق پالیسی پر اپنے تحریری مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے موجودہ عمر کی حد اور مواقع برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈویژن نے سفارشات کو ناقابلِ عمل قرار دیا اور مؤقف اختیار کیا کہ عمر کی حد یا امتحان میں شرکت کے مواقع میں اضافہ وفاقی حکومت کے پالیسی دائرہ اختیار میں آتا ہے، جبکہ ایف پی ایس سی وفاقی حکومت کی منظور شدہ پالیسی پر عمل درآمد کرتا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا کہنا تھا کہ ایف پی ایس سی کے 174ویں اجلاس میں بھی موجودہ پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔تحریری مؤقف میں کہا گیا کہ عمر کی حد بڑھانے سے سی ایس ایس امتحان کے امیدواروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں امتحان کے انعقاد اور پیپرز کی جانچ کا بوجھ بڑھے گا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ امیدواروں کو زیادہ مواقع دینے سے وہ بار بار امتحان دینے میں اپنے کئی پیداواری سال صرف کرسکتے ہیں، جبکہ زیادہ عمر میں سول سروس میں آنے والے افسران کی مؤثر مدتِ ملازمت بھی کم ہوسکتی ہے۔ڈویژن کے مطابق عمر کی حد میں اضافے سے اعلیٰ عہدوں کے لیے تجربہ کار افسران کی طویل المدتی دستیابی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔