ایلون مسک نے نئی سروس لانچ کردی

Elon Musk launched a new service
 دنیا کے امیر ترین کاروباری شخص اور سرمایہ کار ایلون مسک، جو سپیس ایکس، ٹیسلا اور ایکس یعنی سابقہ ٹوئٹر کے مالک اور سربراہ ہیں، ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے اپنی طویل انتظار کی جانے والی ڈیجیٹل ادائیگی سروس "ایکس منی (X Money)" کا باقاعدہ آغاز کردیا، جس کے ذریعے صارفین کو ڈیجیٹل والٹ، مفت آن لائن منی ٹرانسفر اور بینکنگ سے متعلق متعدد سہولیات فراہم کی جائیں گی، نئی سروس فی الحال امریکا میں ایکس پریمیئم اور پریمیئم پلس صارفین کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔

LOADING...

کمپنی کے مطابق ایکس منی صارفین کو ڈیجیٹل والٹ، پی ٹو پی ادائیگیاں، مفت رقم کی منتقلی، ایپل والٹ سپورٹ اور ایک خصوصی ویزہ کارڈ کی سہولت بھی فراہم کرے گی، جس پر صارف اپنا ایکس یوزر نیم بھی درج کرا سکیں گے، اس کے علاوہ کمپنی نے سالانہ 6 فیصد تک منافع کی پیشکش بھی کی ہے، تاہم یہ سہولت صرف پریمیئم پلس صارفین کے لیے دستیاب ہوگی، جبکہ عام پریمیئم صارفین کو مخصوص رقم جمع کروانے پر یہ شرح حاصل ہو سکے گی۔

بتایا گیا ہے کہ ایلون مسک نے اس منصوبے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو "ایوری تھنگ ایپ" بنانے کے اپنے وژن کا اہم حصہ قرار دیا ہے، انہوں نے 2023ء میں ایک اجلاس کے دوران کہا تھا کہ "اگر کسی چیز کا تعلق پیسے سے ہوگا تو وہ ہمارے پلیٹ فارم پر ہی ہوگا"، جب کہ آج سے چند ماہ قبل بھی انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ایکس مَنی کو جلد عوامی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔

دوسری جانب اس نئی سروس پر تحفظات بھی سامنے آئے ہیں، رواں سال امریکی سینیٹر الزبتھ وارن نے ایکس مَنی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سروس صارفین، قومی سلامتی اور مالیاتی نظام کے استحکام کے لیے خطرات پیدا کر سکتی ہے، کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مالیاتی خدمات کی فراہمی کے لیے مؤثر نگرانی اور سخت ضوابط ناگزیر ہیں۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے 2022ء میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد اس کا نام تبدیل کرکے ایکس رکھا تھا اور تب سے وہ اسے ایک ایسی "ایوری تھنگ ایپ" میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں، جہاں صارفین صرف سوشل میڈیا تک محدود نہ رہیں بلکہ وہ یہاں پر ادائیگیوں، بینکنگ، خریداری اور دیگر ڈیجیٹل مالیاتی خدمات بھی ایک ہی پلیٹ فارم پر حاصل کرسکیں۔ 



حوالہ

اشتہار


اشتہار