ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے قاتلوں کا تعاقب کیا جائے گا ، وہ اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔ایرانی آرمی چیف نے کہا کہ شہید سپریم لیڈر نےعزت، آزادی اور قومی وقار کا راستہ متعین کیا، جس پر ایران کی مسلح افواج پوری ثابت قدمی اورعزم کے ساتھ گامزن رہیں گی۔جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج سپریم لیڈرآیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنے فرائض انجام دیتی رہیں گی۔
LOADING...
قبل ازیں گزشتہ روز ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے شہید رہبر اعلیٰ کے مشن کو پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام سے کیے گئے ہر وعدے کو پورا کریں گے۔ایرانی صدرکا کہنا تھا کہ شہید رہبراعلیٰ نے اپنی پوری زندگی عوام کی خدمت، قومی خودمختاری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے استحکام کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہیں۔مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ حکومت شہداء کے مشن کی تکمیل اور شہید رہبر اعلیٰ کے افکار و اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔
دوسری جانب قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قاآنی نے کہا کہ شہید رہبر اعلیٰ نے عوام کی فلاح، امت مسلمہ کے اتحاد اور خطے کے مظلوم عوام کی حمایت کے لیے غیرمعمولی جدوجہد کی، ان کے نظریات آئندہ نسلوں کے لیے بھی رہنمائی کا ذریعہ رہیں گے۔علاوہ ازیں ایران کے نائب صدر نے بھی شہید رہبر اعلیٰ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہدایات پر عمل کرنا ہر ذمہ دارعہدیدار اور شہری کی ذمہ داری ہے۔ایرانی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔