بلوچستان حکومت نے صوبے کے سرکاری ملازمین کے لیے 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی منظوری دے دی ہے۔اس حوالے سے محکمہ خزانہ بلوچستان نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ الاؤنس گریڈ ایک سے گریڈ 22 تک کے تمام مستقل سرکاری ملازمین کو دیا جائے گا۔ اس فیصلے کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا، جبکہ الاؤنس کا حساب ہر ملازم کی موجودہ بنیادی تنخواہ (رننگ بیسک پے) کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
LOADING...
محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ یہ اضافی الاؤنس قابلِ ٹیکس ہوگا اور مروجہ قوانین کے مطابق اس پر انکم ٹیکس کی کٹوتی کی جائے گی۔ تاہم اس رقم کو بنیادی تنخواہ کا مستقل حصہ تصور نہیں کیا جائے گا، بلکہ اس کی ادائیگی صرف نوٹیفکیشن میں درج قواعد کے تحت ہوگی۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس کو پنشن، گریجویٹی یا ریٹائرمنٹ کے دیگر مالی فوائد کے تعین میں شامل نہیں کیا جائے گا، لہٰذا ریٹائرمنٹ کے وقت اس الاؤنس کی بنیاد پر کسی اضافی مالی فائدے کا حساب نہیں ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جو ملازمین ایکسٹرا آرڈینری رخصت (EOL) پر ہوں گے، وہ اس الاؤنس کے مستحق نہیں ہوں گے۔ تاہم ڈیوٹی پر واپسی کے بعد متعلقہ ضوابط کے مطابق انہیں دوبارہ اس سہولت کا فائدہ مل سکے گا۔صوبائی حکومت نے تمام محکموں اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نئی پالیسی پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ تنخواہوں کی تیاری کے دوران ملازمین کے گریڈ، موجودہ بنیادی تنخواہ، ٹیکس کی کٹوتی اور رخصت کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے الاؤنس کی ادائیگی نوٹیفکیشن کے مطابق کی جائے گی۔