پی آئی اے کو لندن ہیتھرو ایئرپورٹ کے 14 ہفتہ وار سلاٹس واپس مل گئے

PIA gets back 14 weekly slots at London Heathrow Airport
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے لیے بین الاقوامی ہوابازی کے میدان سے ایک بڑی اور خوش آئند خبر سامنے آئی ہے کہ ترکیہ کی سرکاری فضائی کمپنی 'ترکش ایئرلائنز' نے لندن کے مصروف ترین ہیتھرو ایئرپورٹ کے ونٹر سیزن کے 14 ہفتہ وار سلاٹس قومی ایئرلائن پی آئی اے کو واپس کر دیئے، پی آئی اے ان سلاٹس کا استعمال 25 اکتوبر 2026ء سے شروع کرے گی، جس کے بعد پاکستان کے 4 بڑے شہروں سے براہِ راست لندن کے لیے فضائی آپریشن بحال ہو جائے گا۔

LOADING...

میڈیا رپورٹس کے مطابق سلاٹس کی واپسی کے بعد پی آئی اے نے اپنے روٹس کا شیڈول تیار کر لیا ہے، قومی ایئرلائن اب پاکستان کے چار بڑے شہروں یعنی لاہور، اسلام آباد، کراچی اور سیالکوٹ سے لندن ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے براہِ راست پروازیں آپریٹ کرے گی، جس سے بیرونِ ملک مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو براہِ راست اور سستی فضائی سہولت میسر آئے گی۔

یہاں یہ تذکرہ انتہائی ضروری ہے کہ ماضی میں یورپی یونین اور برطانیہ کی جانب سے پی آئی اے پر عائد کی جانے والی پابندی کے بعد قومی ایئرلائن نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر اپنے قیمتی سلاٹس کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے انہیں عارضی بنیادوں پر ترکش ایئرلائنز کے حوالے کر دیا تھا، جو اب معاہدے کے تحت پی آئی اے کو کامیابی سے واپس منتقل کر دیئے گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ سلاٹس کی واپسی کے ساتھ ساتھ پی آئی اے کی نئی انتظامیہ قومی ایئرلائن کی مکمل بحالی کے لیے متحرک ہو چکی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ 14 اگست 2026ء کو یومِ آزادی کے موقع پر پی آئی اے کی نئی مینجمنٹ کی جانب سے بیڑے میں نئے طیاروں کی شمولیت اور نئے بین الاقوامی فضائی روٹس کے حوالے سے ایک اہم ترین فیصلے کا اعلان متوقع ہے، جو پی آئی اے کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔



حوالہ

اشتہار


اشتہار