بجلی کے میٹروں کی تبدیلی کی پالیسی میں بڑا یوٹرن

Major U-turn in electricity meter replacement policy
 لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بجلی کے میٹروں کی تبدیلی کی پالیسی میں بڑا یوٹرن لیتے ہوئے اسمارٹ میٹرز کی جگہ دوبارہ روایتی میٹر لگانے کا فیصلہ کرلیا۔لیسکو نے بڑھتے ہوئے اخراجات اور مالیاتی دبا ئوکے باعث سنگل فیز بجلی کے میٹروں کی تبدیلی کی پالیسی میں ایک بڑی اور نمایاں تبدیلی کر دی ۔لیسکو حکام کی جانب سے جاری کردہ نئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اب خراب یا جل جانے والے سنگل فیز میٹرز کی جگہ جدید اے ایم آئی اسمارٹ میٹرز کے بجائے دوبارہ روایتی اسٹیٹک میٹرز نصب کیے جائیں گے۔

LOADING...

لیسکو حکام کے مطابق روایتی اسٹیٹک میٹرز کے مقابلے میں جدید اسمارٹ میٹرز کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں، جس کی وجہ سے کمپنی پر شدید مالی بوجھ پڑ رہا تھا۔اپنے آپریشنل اخراجات کو قابو میں رکھنے کے لیے لیسکو نے فیصلہ کیا ہے کہ اسمارٹ میٹرز اب صرف مخصوص، انتہائی اہم اور ناگزیر حالات میں ہی نصب کیے جائیں گے، جبکہ عام کیسز میں سستے اور روایتی میٹرز ہی لگائے جائیں گے۔یہ نئی پالیسی ابتدائی طور پر ان میٹروں پر لاگو ہوگی جنہیں مختلف فالٹ کوڈز کی بنیاد پر ڈیفیکٹو قرار دیا جاتا ہے۔

 پہلے ایسے میٹرز کو فوری طور پر اسمارٹ میٹر سے بدل دیا جاتا تھا۔پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ صارفین کے خراب یا جلے ہوئے میٹرز کی روایتی میٹر سے تبدیلی ماضی کی طرح بالکل مفت کی جائے گی اور ان سے کوئی اضافی چارجز نہیں لیے جائیں گے۔لیسکو نے واضح کیا ہے کہ نئے بجلی کے کنکشنز کے لیے اے ایم آئی اسمارٹ میٹر کی تنصیب اب بھی لازمی رہے گی اور نئے صارفین کو مروجہ قوانین کے مطابق اسمارٹ میٹر کے پورے چارجز خود ادا کرنا ہوں گے۔







اشتہار


اشتہار