ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ این ہیتھوے کے ایک حالیہ انٹرویو میں “انشاءاللہ” کہنا وائرل ہوگیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے۔آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ، جو “دی پرنسس ڈائریز” سمیت متعدد مشہور فلموں میں اپنی اداکاری کے باعث پہچانی جاتی ہیں، حال ہی میں “پیپل میگزین” کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شریک تھیں۔ گفتگو کے دوران انہوں نے عمر، صحت اور زندگی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
LOADING...
این ہیتھوے نے کہا کہ وہ بڑھتی عمر سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ ان کے مطابق بعض افراد عمر رسیدہ ہونے سے ڈرتے ہیں جبکہ کچھ لوگ کم عمری میں موت کے خوف میں مبتلا رہتے ہیں، تاہم وہ ایک طویل اور صحت مند زندگی گزارنے کو ترجیح دیتی ہیں۔اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے نیک خواہش کے اظہار میں قدرتی انداز سے “انشاءاللہ” کا لفظ بھی استعمال کیا، جس کا لمحہ ریکارڈ ہو کر تیزی سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیل گیا۔
یہ اظہار، جو مسلم معاشروں میں مستقبل سے متعلق امید کے لیے عام طور پراستعمال کیا جاتا ہے، غیرمتوقع طور پر سامنے آیا اور مداحوں کی بڑی تعداد کی توجہ حاصل کر گیا۔ متعدد صارفین نے اس لمحے کو خوشگوار اور مثبت قرار دیا۔سوشل میڈیا پر اس کلپ کو بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا، جہاں صارفین نے اداکارہ کے انداز گفتگو اور ثقافتی احترام کو سراہا۔ کئی افراد نے اسے“خوبصورت لمحہ” قراردیا، جبکہ بعض نے مختلف ثقافتوں سے ان کی آگاہی اورحساسیت کو مثبت قرار دیا۔این ہیتھوے، جو اس وقت اپنی چالیس کی دہائی کے ابتدائی حصے میں ہیں، شوبز انڈسٹری میں سرگرم ہیں اور ان کی آئندہ متعدد فلموں کی ریلیز متوقع ہے۔