ایران نے سعودی عرب، امارات، قطر، بحرین اور کویت سے ہرجانہ مانگ لیا

Iran demands compensation from Saudi Arabia, UAE, Qatar, Bahrain and Kuwait
 ایران نے سعودی عرب، امارات، قطر، بحرین اور کویت سے ہرجانہ مانگ لیا۔ ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران نے سعودی عرب، امارات، قطر، بحرین اور کویت سے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے، اس سلسلے میں اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام ایک خط لکھا، جس میں جنگ کے دوران ایران کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

LOADING...

 ایران کا مؤقف ہے کہ یہ پانچ ممالک ایران سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، اس طرز عمل کے نتیجے میں ان ممالک کی بین الاقوامی ذمہ داری ہے کہ ایران کو پہنچنے والے تمام مادی اور اخلاقی نقصان کا مکمل ازالہ کریں۔ادھر چینی صدر شی جن پنگ نے مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے چار نکاتی تجاویز پیش کی ہیں، انہوں نے خلیجی ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کے احترام پر بھی زور دیا، امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہونے کے بعد صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ چین مشرق وسطیٰ میں امن مذاکرات کو فروغ دینے کے لیے تعمیری کردار ادا کرے گا۔

بتایا گیا ہے کہ صدر شی جن پنگ نے ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زاید آل نہیان کے ساتھ ملاقات کے دوران ان تجاویز کا تبادلہ کیا، چینی صدر نے اپنی تجاویز میں پرامن بقائے باہمی، قومی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی حکمرانی کے اصولوں کے ساتھ ساتھ سکیورٹی اور ترقیاتی ہم آہنگی کی ضرورت پر روشنی ڈالی، اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں خلیجی ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا مخلصانہ احترام کیا جانا چاہیئے۔





اشتہار


اشتہار