وزیر اعظم کا ایک کروڑ 21 لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے رمضان المبارک پیکیج کا اعلان

Prime Minister announces Ramadan package for 12.1 million deserving families
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران ایک کروڑ 21 لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے 13 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے 38 ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے کونے کونے میں مستحق سفید پوشوں کو شفاف طریقے سے ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے ادائیگیاں کی جائیں گی۔وہ ہفتے کو یہاں وزیر اعظم رمضان پیکیج 2026 کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

LOADING...

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ ،وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب ،معاون خصوصی ہارون اختر خان، چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ نہ صرف بدنی عبادات بلکہ رزق حلال سے وسائل کو تقسیم کرنے کا مہینہ بھی ہے

 ماضی کے فرسودہ نظام کو ختم کردیا جب یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے ناقص اشیائے خورد و نوش کیلئے مستحقین کو عزت نفس کی قربانی دے کر قطاروں میں لگنا پڑتا تھا، اس میں کرپشن بھی ہوتی تھی، گزشتہ سال سفید پوشوں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کا شفاف نظام متعارف کرایا، رواں سال اسی کو مزید بہتر بناتے ہوئے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں اور ملک کے کونے کونے میں ایک کروڑ 21 لاکھ مستحق خاندانوں تک 13 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے 38 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے۔اس میں کوئی سیاسی تفریق نہیں ، میں نے اس نظام کو وضع کرنے کیلئے خود نگرانی کی، مسائل اور رکاوٹوں کو دور کیا گیا کیونکہ کیش لیس اکانومی اور ڈیجیٹل ادائیگیوں میں کئی مشکلات تھیں۔

تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن نے اس کی شفافیت پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ وزیر اعظم نے بٹن دبا کر رقوم کی ترسیل کا اجرا کیا۔قبل ازیں وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تخفیف غربت کیلئے اقدامات اور سماجی تحفظ و انسانیت کی خدمت موجودہ حکومت کا شعار ہے۔ سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر احمد علی نے بتایا کہ مستحق طبقات کیلئے شفاف ادائیگیوں کا نظام وزیر اعظم کا ویڑن ہے، گزشتہ سال پانچ ہزار کا پیکج تھا جسے بڑھا کر رواں سال 13 ہزار کردیا ہے ، شفافیت کیلئے اس کی بھی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ ہیلپ لائن 9999 سے پروگرام کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔





اشتہار


اشتہار