ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو جی پی فنڈ کی رقم تیزی سے اور بغیر کسی جھنجھٹ کے فراہم کرنے کے لیے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب آفس میں فاسٹ ٹریک سیل قائم کردیا گیا ہے۔سیل کا افتتاح ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور نے کیا۔ تقریب میں اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب نعمانہ گُل رخ سمیت اے جی آفس کے افسران اور 2025 میں ریٹائر ہونے والے مختلف محکموں کے ملازمین نے شرکت کی۔
LOADING...
ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ ٹریک سیل کا مقصد ریٹائر ہونے والے ملازمین کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ دربدر نہ ہوں اور اپنی جائز رقم جلد حاصل کر سکیں۔اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب نعمانہ گُل رخ نے بتایا کہ نئے سسٹم سے شفافیت بڑھے گی، جبکہ ہر ملازم کے سالانہ ڈیٹا کو خودکار طریقے سے اپڈیٹ کیا جائے گا۔ اس سے ریٹائرمنٹ کے وقت فائل جمع کروانے کے ساتھ ہی جی پی فنڈ کی رقم کی ادائیگی آسان ہوجائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی ملازم کو جی پی فنڈ کے حصول میں مشکلات پیش آئیں تو ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مختلف محکموں کے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے ملازمین میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔