مصنوعی ذہانت کی کمپنی اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں نیا فیچر “پیرنٹل کنٹرول” متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کے نئے فیچر کے تحت والدین اپنے اکاؤنٹس کو بچوں کے چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹس سے منسلک کر سکیں گے۔ یہ اقدامات خاص طور پر ان والدین کے لیے ہیں۔ جو اپنے بچوں کے استعمال پر حدود مقرر کرنا چاہتے ہیں۔والدین اس فیچر کے ذریعے کچھ آپشنز جیسے چیٹ ہسٹری اور میموری کو بند کر سکیں گے۔ اور عمر کے لحاظ سے موزوں انداز میں جواب دینے کے لیے قواعد بھی طے کر سکیں گے۔
اس فیچر میں جب بچہ پریشان یا ذہنی دباؤ کی علامات ظاہر کرے گا تو والدین کو نوٹیفکیشن چلا جائے گا۔اوپن اے آئی کے مطابق اس فیچر کے نفاذ میں ماہرین کی رائے شامل کی جائے گی تاکہ والدین اور بچوں کے درمیان اعتماد قائم رہے۔ تاہم یہ اقدامات ابتدائی ہیں۔ اور آئندہ 4 ماہ میں مزید بہتری کے ساتھ پیش رفت جاری رکھی جائے گی۔واضح رہے کہ ایک امریکی جوڑے نے اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کیا۔ جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ چیٹ جی پی ٹی نے ان کے 16 سالہ بیٹے کے منفی خیالات کی حوصلہ افزائی کی۔ جس کی وجہ سے اس نے خودکشی کر لی۔ امریکی جوڑے کے مقدمے کے بعد چیٹ جی پی ٹی کا یہ نیا فیچر سامنے آیا ہے۔