امریکہ میں پیش آنے والے واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے، اس ویڈیو میں ننھے بچے ایک پارک میں نماز پڑھتے ہوئے مسلمانوں کی نقل کرتے دکھائی دیتے ہیں، اس منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی اور بہت سے لوگوں نے اسے بچوں کی معصومیت اور فطری جستجو کی خوبصورت مثال قرار دیا۔
LOADING...
ماہرینِ نفسیات کے مطابق بچے عام طور پر اپنے اردگرد دیکھے گئے عمل کی نقل کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ کھیل کھیل میں بڑوں کی حرکات دہراتے ہیں۔ اسلام کی تعلیمات کے مطابق بھی ہر بچہ "فطرت" پر پیدا ہوتا ہے، یعنی ایک خالص اور سادہ مزاج کے ساتھ، جیسا کہ کئی احادیث اور علما کی تشریحات میں ذکر ہے۔یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مختلف ممالک میں عوامی مقامات پر نماز کے حوالے سے بحث جاری ہے۔
گزشتہ دنوں پر کینیڈا کے صوبے کیوبیک میں حال ہی میں ایک تجویز سامنے آئی ہے جس کے تحت گلی یا سڑک پر اجتماعی نماز پر پابندی لگانے کی بات کی گئی ہے۔ اس قسم کی تجاویز سیکولر قوانین کو بنیاد بنا کر دی جاتی ہیں، جبکہ دوسری جانب مذہبی آزادی اور اظہار کو بنیادی انسانی حق قرار دیا جاتا ہے۔ویڈیو میں بچوں اور نمازیوں کے درمیان ہونے والا یہ غیر رسمی تعلق دراصل ایک ثقافتی تبادلے کو ظاہر کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے مناظر معاشرتی برداشت اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔ویڈیو میں بچوں کے اس عمل کو خوب سراہا جارہا ہے جبکہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اس کو شیئر کیا جارہا ہے۔