دودھ ہر گھر میں استعمال ہونیوالی شے ہے اور جب بات ہو بھارت کے ارب پتی بزنس مین مکیش امبانی کے گھرانے کی تو پہلا تاثر یہی آتا ہے اس گھرانے کی دیگر ضروری اشیاءکی طرح ان کا استعمال کیا جانے والا دودھ بھی انتہائی مہنگا ہوگا۔لیکن یقیناً آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی مکیش امبانی کا گھرانہ 152 روپے فی کلو کا دودھ پیتا ہے۔
LOADING...
بھارتی میڈیا رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت کے امیر ترین بزنس مین مکیش امبانی حتیٰ کہ ان کی اہلیہ نیتا امبانی، بیٹے آکاش امبانی، اننت امبانی، بہوئیں شلوکا اور رادھیکا مرچنٹ سب سے زیادہ دودھ دینے والی گائے کی نسل ہولسٹین فریزین سے حاصل کیا گیا دودھ استعمال کرتے ہیں جب کہ یہ دودھ بھارت کے شہر پونے سے منگوایا جاتا ہے۔
اتنی کم قیمت میں دودھ منگوایا کہاں سے جاتا ہے؟
بھارتی میڈیا کے مطابق مکیش امبانی کا پورا گھرانہ اسی گائے سے حاصل کیا گیا دودھ پیتا ہے، اس نسل کی گائے پونے میں پالی جاتی ہیں اس ڈیری میں 3000 سے زیادہ گائیں موجود ہیں اور جو بات حیران کن ہے وہ یہ کہ اس ڈیری میں ایک لیٹر دودھ کی قیمت تقریباً بھارتی 152 روپے فی کلو ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہولسٹین فریزین نسل کی گائیو ں کو ایک پرتعیش ماحول میں پالا جاتا ہے، ان گائیوں کی پر تعیش زندگی کی بات کریں تو انہیں ربڑ سے بنے خصوصی گدوں پر آرام کروایا جاتا ہے جب کہ انہیں پینے کیلئے آر او پانی دیا جاتا ہے۔
گائیوں کی ہولسٹین فریزین نسل خاص کیوں؟
رپورٹ میں اس نسل کی گائے کی خاصیت پر بات کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پیدائش کے وقت ایک صحت مند بچھڑے کا وزن 40 سے 50 کلو گرام یا پھر اس سے زائد ہوتا ہے جب کہ ایک ہولسٹین گائے کا وزن 680 سے 770 کلوگرام تک ہوتا ہے۔اس نسل کی گائے میں روزانہ 25 سے 30 لیٹر دودھ دینے کی صلاحیت ہوتی ہے، سالانہ پیداوار 8,000 سے 12,000 لیٹر تک ہو سکتی ہے ۔
جبکہ کچھ بہترین دیکھ بھال میں یہ 15,000 لیٹر سے زیادہ بھی دودھ دے سکتی ہے۔میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نسل کی گائے سے حاصل کیا گیا دودھ نہ صرف A1 اور A2 بیٹا کیسین (پروٹین) سے بھرپور ہوتا ہے بلکہ پروٹین، میکرونیوٹرینٹس، مائیکرو نیوٹرینٹس، ضروری چکنائی اور کاربوہائیڈریٹس جیسے غذائی اجزا سے بھی مالا مال ہوتا ہے۔